بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور درندگی کی تمام حدیں پار کر لی ہیں‘شہبازشریف

مسلم لیگ (ن) مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ کھڑی ہے، کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے کشمیری عوام کو جبر اور استبداد کے ذریعے حق خود ارادیت کے بنیادی حق سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھا جاسکتا‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 12 اپریل 2018 23:28

بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور درندگی کی تمام حدیں پار کر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔شہبازشریف نے شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور درندگی کی تمام حدیں پار کر لی ہیں۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچے، بیٹیاں، نوجوان اور بزرگ بھی محفوظ نہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ہم کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ بھارت کو ظلم اور ستم ڈھانے کا یہ کھیل بند کرنا ہوگا۔

کشمیری عوام کو جبر اور استبداد کے ذریعے حق خود ارادیت کے بنیادی حق سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھا جاسکتا۔عالمی برادری کے سوئے ہوئے ضمیر کو بھی جاگنا پڑے گا۔انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام اپنے قیمتی لہو سے آزادی کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ بھارت جان لے کہ تاریخ میں کہیں بھی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے آزادی کو تحریکوں کو نہیں دبایا جاسکا۔ کشمیری عوام کل بھی حق پر تھے اور آج بھی حق پر ہیں۔