غلام نبی سمجھی کی طرف سے کھڈونی ، شوپیان اور بیج بہاڑہ کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت

پیر 16 اپریل 2018 12:03

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل غلام نبی سمجھی نے کھڈونی، شوپیان اور بیج بہاڑہ میں گزشتہ دنوں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام نبی سمجھی نے گھر میں نظربندی سے رہائی کے فورابعد حریت کانفرنس کے ایک وفد کے ہمراہ جس میں طالب حسین، جہانگیر احمد ملک اور منطور احمد غازی شامل تھے کھڈونی، شوپیان اور بجبہاڑہ کے مضافاتی دیہات کا دورہ کیا۔

وفد بھارتی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ دنوں شہید ہونیوالے نوجوانوں کے گھر گیا اور انکے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر انہوںنے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیاجائے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان کے مطابق 22اپریل بروز اتوار حیدرپورہ میں تحریک حریت کے دفتر پر حکیم الامت شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے یومِ وصال کی مناسبت سے ایک عظیم الشان سیمینار منعقد کیاجائے گا جس میں حریت چیئرمین سید علی گیلانی کے علاوہ معروف دانشور، صحافی اور قلمکار بصیرت افروز افکار وارشادات سے نوازیں گے۔