پسماندہ علاقوں کی ترقی مشن ہے،

آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد عوام کے معیار زندگی میں بہتری لائیں گے، عمر ایوب خان

پیر 16 اپریل 2018 12:03

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ہری پور سے قومی اسمبلی کے امیدوار سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایو ب خان نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی ان کا مشن ہے، عوام آئندہ الیکشن میں انہیں کامیاب بنائیں ،دیہی و پسماندہ علاقوں کے جملہ مسائل حل کر کے عوام کے معیار زندگی میں تبدیلی لائیں گے۔ وہ ہری پور کی دور افتادہ و پسماندہ یونین کونسل کلنجر میں بڑے جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان، تحصیل ممبر ملک خان ویز اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ صوبائی مشیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں کے دوران اپنے حلقہ نیابت میں تاریخ کے ریکارڈ ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ باقی حلقوں کے مسائل حل کرنے کی بھی ہرممکن کوشش کی ہے، 2018ء کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد حلقہ میں نئی شامل ہونے والی یونین کونسلوں کی پسماندگی ختم کر کے ان کا احساس محرومی ختم کریں گے۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ راجہ ظفر الحق رپورٹ کو منظر عام پر لا کر ختم نبوت بل میں تبدیلی کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے، جو لوگ کہتے تھے کہ اگر عوامی مسائل حل نہ کر سکے تو عہدہ سے استفعی دے دیں گے، دو سال گذرنے کے باوجود استعفیٰ نہیں دیا، اب آئندہ الیکشن میں لوگ خود ان سے استعفیٰ لے لیں گے۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ ہری پور میں بہترین قیادت پر مشتمل تحریک انصاف کا پینل موجود ہے، آئندہ الیکشن میں فتح حاصل کر کے عوام کو درپیش مسائل کو صوبہ اور مرکز دونوں پلیٹ فارم پر حل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :