’’عالمی یوم ہیموفیلیا ‘‘ کل منایاجائیگا

پیر 16 اپریل 2018 14:15

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)پاکستان اور دنیا بھر میں کل17 اپریل کو 28 واں ’’عالمی یوم ہیموفیلیا ‘‘ منایاجائیگا جس کو منانے کا مقصد ہیموفیلیا (خون کی کمی)کے مرض،اس کے اثرات و علاج اور اس سے بچائو بارے آگاہی فراہم کرنا ہے۔اس مرتبہ عالمی یوم ہیموفیلیا کا تھیم’’شئیرنگ نالج میک اس سٹرانگر ‘‘ہے جس کا مطلب مرض کے بارے علم ایکدسرے کو بتانا خود کو بچانا ہے۔

ہیموفیلیا خون کی ایک ایسی بیماری ہے جس میں وٹامن کے کی کمی کی وجہ سے جسم میں خون جمانے والے متعدد بالخصوص ایٹ اینڈ نائن فیکٹرز کی کمی ہو جاتی ہے جس سے کوئی بھی چوٹ لگنے یا زخم آنے کی صور ت میں خون کا بہائو روکنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے ،خون کے پتلا ہونے کی وجہ سے اکثر حالات میں متاثرہ افراد کے جسم میںاندرونی طور بلیڈینگ بھی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے متاثرہ افراد میں خون کو گاڑھا رکھنے کا عمل درست طریقے سے کام نہیں کرتا جس کی وجہ سے ان افراد کے جسم پر نیل پڑتے ہیں جو دیر سے ٹھیک ہوتے ہیں اور ان افراد کو جسم میں درد بھی رہتا ہے جس سے ان کی عام زندگی متاثر ہوتی ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں ہر دس ہزار افراد میں سے ایک ہیموفیلیا کا شکار ہو تا ہے جس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔

مذکورہ دن کی مناسبت سے عالمی ادارہ صحت ، حکومت پاکستان ، محکمہ صحت پنجاب ، پاکستان بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن اور ہیموفیلیاکے خاتمہ کیلئے کام کرنے والی مختلف این جی اوز کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات اور شعور و آگاہی کیلئے واکس بھی منعقد کی جائیں گی۔جس میں عوام الناس کو خون کی بیماری ہیموفیلیا کی وجوہات ، اس کی ابتدائی علامات ، بیماری کی تشخیص ، بروقت علاج ، تدارکی و حفاظتی اقدامات سے آگاہی فراہم کی جائے گی ۔ورلڈ ہیموفیلیا ڈے کے موقع پر عوام الناس کو خون کے عطیات دینے کی ترغیب بھی دی جائے گی۔