Live Updates

دل میں اللہ کے خو ف سے انسان برائیوں سے نجات پاسکتا ہے۔ گورنرسندھ

مایوسی اور حسد کفر ہے ، اللہ سے لو لگائیں۔اب روزانہ دوعمرہ کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی ہوگی۔ 1500ویں جشن عید میلا د النبی ﷺکی محفل سے خطاب

ہفتہ 30 اگست 2025 16:37

دل میں اللہ کے خو ف سے انسان برائیوں سے نجات پاسکتا ہے۔ گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دل میں اللہ کا خوف پیدا ہو جائے تو انسان برائیوں سے نجات پا سکتا ہے، مایوسی اور حسد کفر ہے، اللہ سے لو لگائیں، وہ سب کچھ عطا کرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب روزانہ 1500 ویں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی محافل کے اختتام پر دو عمرہ ٹکٹ کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں جاری جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پرنور محافل کے سلسلہ کی چوتھی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی سینئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائمخانی سمیت متعدد شخصیات شریک تھیں۔ محمود الحسن اشرفی، قاری محسن قادری اور دیگر نعت خواں نے بارگاہِ رسالت ﷺمیں عقیدت کے پھول نچھاور کئے جبکہ مفتی احسن نوید نیازی نے سیرتِ طیبہ ﷺ پر جامع اور مؤثر بیان پیش کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ رزق، عزت، زندگی اور موت کا مالک صرف اللہ تعالیٰ ہے اور ان حقائق پر یقین ہر مسلمان کے لیے لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رمضان کی بابرکت رات میں وطن عزیز عطا فرمایا، لہٰذا ہمیں محبت اور اتحاد کے ساتھ رہنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نماز میں معافی مانگتے ہیں مگر دوسروں کو معاف نہیں کرتے، اللہ کی رحمت حاصل کرنے کے لیے درگزر اور جھوٹ کو زندگی سے نکالنا ہوگا۔

زندگی مختصر ہے، اسے خدمت کے لیے وقف کریں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہم سب خطاکار ہیں، دل سے معافی مانگیں، اللہ ضرور معاف کرے گا۔ صراطِ مستقیم پر چلنے والوں کو بخشش ملے گی، اللہ کی نعمتوں پر شکر ادا کریں اور ہر حال میں مثبت سوچ اپنائیں۔انہوں نے عوام سے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات