Live Updates

چوہدری شافع حسین کا گجرات کے سیلاب زدہ علاقوں کا تفصیلی دورہ،سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں

ہفتہ 30 اگست 2025 14:30

چوہدری شافع حسین کا گجرات کے سیلاب زدہ علاقوں کا تفصیلی دورہ،سیلاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع نے ضلع گجرات کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا،سیلاب زدہ علاقوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور ان میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔صوبائی وزیر نے کشتی کے ذریعے دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گجرات کے علاقے عل پور میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے حکومتی مشینری فیلڈ میں موجود ہے آزمائش کی اس گھڑی میں حکومت متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے ہرمتاثرہ خاندان اور فرد کے پاس پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام جلد شروع ہوگا۔نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے جلد سروے کا آغاز کیا جائے گا۔تخمینہ جات کی روشنی میں وزیر اعلیٰ پنجاب ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے شجرکار کا فروغ اور چھوٹے ڈیم بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گجرات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بناؤں گا تعلیمی اداروں کی آپ گریڈیشن کی جائے گی۔سیلاب متاثرین نے مشکل کی گھڑی میں ساتھ کھڑے ہونے پر چوہدری شافع حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ گجرات سٹی کے صدر علی ابرار جوڑا،مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صدر کامران عثمانی اور انتظامی و پولیس افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات