شام میں ایران کے خلاف متحرک رہیں گے، اسرائیل کی وارننگ

یہ ممکن نہیں کہ ہماری شمالی سرحد بشار الاسد کے لیے ایک کھلا صحن بن جائے،اسرائیلی وزیرقومی سلامتی

پیر 16 اپریل 2018 15:12

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) اسرائیل نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سکیورٹی اور سرحد کے لیے خطرے کے پیشِ نظر شام میں ایرانی وجود کی اجازت نہیں دے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل کے دو وزیروں نے باور کرایاکہ ان کا ملک شام میں ایران کے خلاف متحرک رہے گا۔

(جاری ہے)

اسرائیل کی داخلہ سکیورٹی کے وزیر اور اسرائیل کی چھوٹی سکیورٹی کابینہ کے رکن گیلاد اردان نے کہا کہ ہم شام میں ایران کے عسکری وجود کے خلاف متحرک ہونے کا سلسلہ جاری رکھیں گے کویں کہ یہ اسرائیل کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر تعلیم نیوتالی بینیٹ نے جو خود بھی سکیورٹی کابینہ کے ارکان میں شامل ہیں کہا کہ کہ اسرائیل حرکت میں آنے کی مکمل آزادی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کو شام کے اندر اپنے قدم نہیں جمانے دیں گے۔ یہ ممکن نہیں کہ ہماری شمالی سرحد بشار الاسد کے لیے ایک کھلا صحن بن جائے۔