مقبوضہ کشمیرکے علاقے کنگن میں نوجوان کی شہادت پر دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال

وادی کے مختلف علاقوں میں کالجوں اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں کلاس ورک معطل

پیر 16 اپریل 2018 15:37

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع گاندربل کے علاقے کنگن میں نوجوان عامر حمید لون کی شہادت پر پیر کو مسلسل دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق چھترہ گل کنگن سے تعلق رکھنے والا22سالہ عامر حمید لون جو ڈگری کالج گاندربل میں زیر تعلیم تھا، 3اپریل کو بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا تھا اور گزشتہ روز ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

دریںا ثناء قابض انتظامیہ نے طلباء کے ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے پیر کو وادی کشمیرکے زیادہ تر کالجوں اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں کلاس ورک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرینگر میں امرسنگھ کالج اور ویمنز کالج بند رکھے گئے ہیں جن کے طلبا ء نے شوپیان میں نوجوانوں کے قتل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔

(جاری ہے)

ضلع بارہمولہ میں گورنمنٹ ڈگری کالج سوپور اور بوائز ہائر سیکنڈری سکول سوپور بھی بند رکھے گئے ہیں۔

اسی طرح ضلع کپواڑہ میں بھی گورنمنٹ ڈگری کالج کپواڑہ اور ہائر سیکنڈری سکول ہندواڑہ ، لنگیٹ اور کرالہ گنڈ میں بھی کلاس ورک معطل کیا گیا ہے۔ شوپیان میں بھی ڈگری کالج بند ہے۔گاندربل کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع کے تمام ڈگری کالجوں اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں کلا س ورک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔