Live Updates

موجودہ کمزور ترین حکومت اور ملک کو درپیش سیاسی بحران مسائل کی اہم وجہ ہو سکتی ہے ،عبدالعلیم ودیگر

تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک کی مضبوطی کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی، رہنماپی ٹی آئی پنجاب

پیر 16 اپریل 2018 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان ، ایم این اے شفقت محمود ، اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید ، شعیب صدیقی، ولید اقبال، کرامت کھو کھر، ظہیر عباس کھر کھر او ر امین چوہدری نے پی پی 169 واپڈا ٹائون کے مرکزی انتخابی دفتر کے افتتا ح کے موقع پر کارکنوں سے خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ کمزور ترین حکومت اور ملک کو درپیش سیاسی بحران مسائل کی اہم وجہ ہو سکتی ہے ،تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک کو مضبوط بنانے کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی ، اقتدار میں آ کر تھانہ کلچر تبدیل کریں گے ، ن لیگ کی حکومت نے میٹرو ستر ارب میں بنائی ، چار ارب میں ایک شوکت خانم ہسپتال بن سکتا تھا ، شہباز شریف اورنج ٹرین بنا رہے ہیں مگر ٹرین کے نیچے لوگ گندہ پانی پی رہے ہیں، والدین کے پاس بچوں کی تعلیم کے لئے کتابیں نہیں ، اورنج ٹرین کی جگہ سکولوں ،ہسپتالوں کے مسائل اور صاف پانی کے مسائل کو حل کیا جا سکتا تھا ، اگر آپ نے اپنے اکائونٹ بھرنے تھے تو سکول، ہسپتال بنا کر صاف پانی میسر کر کے بھی بھر سکتے تھے ، تا حیات نا اہل نواز شریف کی سیاست کو اب کوئی بیساکھی سہارا نہیں دے سکتی ،پاکستان کا مستقبل عمران خان کی لیڈر شپ سے وابستہ ہے اور انشاء اللہ آنے والا ہر دن ملک گیر تبدیلی کی جانب پیش قدمی کرے گا ، انہوں نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کی سیاست اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھنے لگی ہے بڑے بھائی کیخلاف فیصلے پر پوری قوم خوشی سے سرشار ہے جبکہ چھوٹے کی باری بھی آنے والی ہے، پوری قوم نواز شریف کی نا اہلی پر خوش ہے،رہنمائوں نے کہا کہ آمریت کی گود میں پل کر خود کو ملک کا سیاسی وارث سمجھنے والوں کی خوش فہمیاں دور ہوجانا چاہیں،قوم سمجھ چکی ہے کہ کرپشن کی کمائی کیلئے ملکی مفادات کا سودا کرنے والوں کی حمایت اجتماعی خودکشی کے مترادف ہے،اسی لئے نواز شریف کی نااہلی کو تاحیات قرار دینے پر 15یا 20نعرے بازوں کے سوا کسی نے سٹرکوں پر آنا بھی ضروری نہیں سمجھا۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ کرپٹ ٹبر کو اچھی طرح معلوم ہے کہ بڑے میاں کو کیوں نکالا درباری اور حواری عدالت پر غصہ تو نکال کر اپنی چوری نہیں چھپا سکتے، فیصلوں کو بغض اور انا قرار دینے والوںکو اپنے انجام سے ڈر لگ رہا ہے ، پی ٹی آئی کی عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،عمران خان کا کرپشن فری پاکستان کا خواب پورا کرنے کیلئے گھر گھر جائیں گے، ترقی اور خوشحالی کاس خواہاں ہر باشعور شہری پی ٹی آئی کا کارکن ہے،ملک گیر تبدیلی کی لہر کرپٹ مافیا کو بہا لیجائے گی۔

19اپریل کو چئیرمین تحریک انصاف عمران خان اندورن لاہور کا دورہ کریں گے ،پی ٹی آئی وہاں جلسہ کر رہی ہے جہاں قراردار پاکستان منظور ہوئی تھی، تحریک انصاف 29اپریل کو مینارپاکستان پر عظیم الشان جلسہ کرے گی۔افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز ڈیال ، ، عون چوہدری،شبیر سیال، خالد گجر، جمشید اقبال چیمہ ، مسرت چیمہ ، ڈاکٹر شاہد صدیق ، فیصل حاکم بھٹی ، حافظ فرحت عباس، جہانگیر بارا ، ، شبیر سیال، منشاء سندھو ، آجاسم شریف ، شفیع جوئیہ ، میاں طارق ، عرفان احمد ، اشتیا ق ملک ، عاطف چوہدری ، ڈاکٹر جویریہ ، فاطمہ چدھڑ، صائمہ شوکت ، عائشہ نعیم، سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :