سابق بیوروکریٹ خلیل احمد قریشی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

پیر 16 اپریل 2018 17:45

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) آزاد کشمیر کے سابق سینئر بیوروکریٹ خلیل احمد قریشی کی وفات ایک سانحہ سے کم نہیں ، انہوں نے دوران سروس ہمیشہ میرٹ اور اہلیت کی بنیادوں پر نہ صرف خدمات سرانجام دیں بلکہ ساری زندگی میرٹ کو پروموٹ کیا، آزاد کشمیر کے سروس سٹریکچر کو اپنے پائوں پر کھڑا کر نے میں انکی گراں قدر خدمات ہیں ۔

ریاست کے ملازمین ہمیشہ انکی کمی کو محسوس کرتے رہے ہیں۔ بطور سیکرٹری قانون انہوں نے محکمہ قانون کے اندر بے شمار اصلاحات کے لیے اقدامات اٹھائے اور محکمہ کی بہتری کیلئے خدمات سرانجام دیں ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری قانون آزاد کشمیر ارشاد احمد قریشی نے محکمہ قانون کے زیر اہتمام خلیل احمد قریشی کی وفات پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ارشاد احمد قریشی نے مزید کہا کہ خلیل احمد قریشی نے اسسٹنٹ کمشنر سے لیکر سیکرٹری قانون ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور آزاد کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر جو خدمات سرانجام دیں وہ سنہری حروف میں لکھی جائیں گی ۔ اجلاس میں مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور لواحقین سے اظہار افسوس کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس سے سینئر ایڈیشنل سیکرٹری قانون رزاق ندیم نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صاحبان وحیدالحسن چوہدری،محترمہ پروین اختر اور راجہ زاہد محمود کے علاوہ دیگر افسران نے بھی خطاب کیا۔