لاہور، ن لیگ شکست کے خوف سے الیکشن کے بائیکاٹ کا ڈرامہ کر سکتی ہے،صاحبزادہ حامد رضا

ن لیگ گالی اور گولی سے عدلیہ کو خوفزدہ نہیں کر سکتی، جسٹس اعجاز الا حسن کے گھر پر فائرنگ سے نہال ہاشمی کی دھمکیاں یاد آتی ہیں،چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان

پیر 16 اپریل 2018 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور سیکریٹری جنرل نظام مصطفی متحدہ محاذ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ن لیگ شکست کے خوف سے الیکشن کے بائیکاٹ کا ڈرامہ کر سکتی ہے۔ ن لیگ گالی اور گولی سے عدلیہ کو خوفزدہ نہیں کر سکتی۔ جسٹس اعجاز الا حسن کے گھر پر فائرنگ سے نہال ہاشمی کی دھمکیاں یاد آتی ہیں۔

الیکشن سے پہلے نواز شریف اور مریم صفدر جیل میں ہوں گے۔ نواز شریف کا بیانیہ اس کے بھائی نے نہیں مانا تو قوم کیسے مانے گی۔ پشتون حقوق کے نام پر پاک فوج کے خلاف مہم چلانے والے بھارتی ایجنٹ ہیں۔ پاک فوج نے قربانیاں دے کر پاکستان کو شام اور عراق بننے سے بچایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظام مصطفی متحدہ محاذ کے راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت نے بھارت کے خلاف منظم سفارت کاری کی ہوتی تو کشمیریوں کا قتل عام نہ ہوتا۔ دمشق سے سری نگر تک مسلمان لہولہان ہیں۔ عالمی طاقتوں کے حملے سے شام کا بحران مزید گہرا ہو گیا ہے۔ کشکول توڑنے کے دعویداروں نے ہر پاکستانی کو ایک لاکھ تیس ہزار کا مقروض بنا دیا ہے۔ ن لیگ کا شیرازہ بکھرنے کا وقت آ گیا ہے۔ نواز شریف کی گرفتاری سے ملک میں کوئی بھونچال نہیں آئے گا۔ احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے اب ایک ایک کر کے سب کی باری آئے گی۔ آئندہ سیاست میں جنوبی پنجاب کا کردار اہم ہو گا۔ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانا ملک و قوم کی ضرورت ہے۔ قوم کرپشن کے خلاف جہاد میں عدلیہ کے ساتھ ہے۔