وزیراعلیٰ شہبازشریف سے وفاقی وزیررانا تنویر حسین کی ملاقات،

ترقیاتی منصوبوں اورسیاسی امورپر بات چیت ہم نے عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی،سیاسی مخالفین نے کارکردگی کی بجائے گالی کی سیاست کی، مخالفین نے جھوٹ بولنے اورہم نے ترقیاتی کاموں کے ریکارڈ قائم کئے،موجودہ دور میں ریکارڈمنصوبے مکمل ہوئے ہیں،سابق کرپٹ حکمرانوں کی قومی وسائل کی بیدردی سے لوٹ مار کی وجہ سے ملک غربت، بیروزگاری اور جہالت کے اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا، شہباز شریف

پیر 16 اپریل 2018 20:55

وزیراعلیٰ شہبازشریف سے وفاقی وزیررانا تنویر حسین کی ملاقات،
لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے پیر کے روز یہاں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے جبکہ ہمارے سیاسی مخالفین نے کارکردگی کی بجائے گالی کی سیاست کی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ موجودہ دور میں جتنے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں وہ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے،مخالفین نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ بنائے جبکہ ہم نے ترقیاتی کاموں کے ریکارڈ قائم کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور رفتار سے عبارت ہیں اور عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمت کی سیاست کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے باعث آج ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے،سیاسی مخالفین جان چکے ہیں کہ انہوں نے اپنے صوبوں میں عوام کا وقت ضائع کیا ہے اور اب یہ عناصر عوام کے پاس کس منہ سے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کے سامنے سرخرو ہے اور انشاء اللہ عام انتخابات میں سر فخر سے بلند کرکے عوام کے پاس جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام عام انتخابات میں قومی وسائل لوٹنے والوں اور ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کا محاسبہ کریں گے اوراپنے صوبوں میں عوام کو نظرانداز کرنیوالے انتخابات میں عوام سے منہ چھپاتے پھریں گے،ایک سیاسی جماعت نے کے پی کے جبکہ دوسری جماعت نے سندھ کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ عوام نے انہیں اپنی خدمت کا مینڈیٹ دیا لیکن انہوں نے عوامی مینڈیٹ کو نظرانداز کیا،ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت دراصل عوام دشمنی ہے، دھرنوں کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا باعث بننے والوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں۔انہوںنے کہاکہ ان عناصر نے منفی سیاست کے ذریعے عوام کی مشکلات بڑھائی ہیں۔عوام کے فلاحی منصوبوں کی مخالفت کرنیوالوں کو اس کی قیمت چکانا ہوگی۔

انہوںنے کہا کہ انتخابات میں ان عناصر کو عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا،ہر ضمنی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔انہوںنے کہا کہ سابق کرپٹ حکمرانوں کی قومی وسائل کی بیدردی سے لوٹ مار کی وجہ سے ملک غربت، بیروزگاری اور جہالت کے اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا،ملک و قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے والے بھی یہی لوگ ہیں،ان لوگوں نے وسائل عوام کی ترقی پر صرف کرنے بجائے صرف اپنی جیبیں بھریں۔

انہوںنے کہا کہ اگر یہ لوگ قومی وسائل کی لوٹ مار نہ کرتے تو شاید ملک اس قدر مسائل کی دلدل میں نہ پھنستا،پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک میں شفافیت، معیار اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ میرٹ ہی ترقی اور کامیابی کا زینہ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت کی اخلاص کیساتھ کی گئی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو رہی ہے،انتخابات میں دوبارہ موقع ملا تو پنجاب سے شروع ہونیوالا ترقی کا سفر پورے ملک میں پھیلائیں گے اورپاکستان کو صحیح معنوں میں قائدؒ و اقبالؒ کا پاکستان بنانے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔

متعلقہ عنوان :