مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار کی تحریک حریت کے چیئرمین اشرف صحرائی سے ملاقات

کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے پر تبادلہ خیا ل کیاگیا

منگل 17 اپریل 2018 15:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2018ء)مقبوضہ کشمیرمیں مسلم کانفرنس جموںوکشمیر کے چیئرمین شبیر احمد ڈار اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی سے ملاقات کی اور جموںوکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اپنی صفوں میںاتحادو اتفاق کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رہنمائوںنے ملاقات میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے خلاف جار ی پر تشدد کارروائیوں، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں،کشمیریوں کے قتل عام اور نوجوانوں کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے آپسی اختلافات کو بھلا کر اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے پر زوردیااور جاری تحریک آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کو دوہرایا۔

اس موقع پر شوپیاں ، کولگام ، اسلام آباد اور کنگن میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے حال ہی میں شہید ہونیوالے کشمیریوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کٹھوعہ کی ننھی آصفہ کے ساتھ زیادتی اور قتل کے بہیمانہ واقعے کو جموں کے مسلمانوں کے خلاف ایک بڑی سازش قراردیاگیا۔انہوں نے آصفہ کے ساتھ ساتھ شوپیاں میں نیلوفر اور آسیہ اور کنن پوشہ پورہ میں کشمیری خواتین کی بے حرمتی کے واقعات کی آزادانہ اورغیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کرانے اور مجرموں کو قرارواقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔