جرال راجپوت برادری کے اتحادواتفاق کیلئے طویل عرصہ کے بعدبرادری کے زعماء کا سابق کمشنر جاویداقبال مرزا کی زیرصدارت جنرل اجلاس منعقد ہونا نہایت خوش آئند اوراحسن اقدام ہے

جرال راجپوت ویلفیئرایسوسی ایشن کھڑی شریف کے سابق صدرایم ڈی طاہرجرال کا بیان

منگل 17 اپریل 2018 15:46

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2018ء) جرال راجپوت ویلفیئرایسوسی ایشن کھڑی شریف کے سابق صدرایم ڈی طاہرجرال نے کہاہے کہ جرال راجپوت برادری کے اتحادواتفاق کیلئے طویل عرصہ کے بعدبرادری کے زعماء کا سابق کمشنر جاویداقبال مرزا کی زیرصدارت جنرل اجلاس منعقد ہونا نہایت خوش آئند اوراحسن اقدام ہے ۔ آزادکشمیر اورپاکستان بھرسے اجلاس میں برادری کی سرکردہ شخصیات کی شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے جرال راجپوت برادری میں اتحاد واتفاق کا ہونانہایت ضروری ہے تاکہ ایک منظم حکمت عملی کے تحت برادری کی بنیادپر پیداہونے والے مسائل کو کم کیاجاسکے۔

ان خیالات کا اظہار ایم ڈی طاہرجرال نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جرال راجپوت قبیلہ کے جنرل اجلاس میں "جرال راجپوت تنظیم" کیلئے عبوری عہدیداران کا جو انتخاب کیاگیاہے ۔ یہ برادری کے اتحادواتفاق کی جانب ایک مثبت قدم ہے ۔ ایم ڈی طاہرجرال نے "جرال راجپوت تنظیم" کے مرکزی صدرکیلئے مرزا محمدعظیم جرال اسلام آباد اورمرکزی سیکریٹری جنرل کیلئے جاویداقبال مرزا(سابق کنٹرولر) میرپور ، سینئرنائب صدرکیلئے جاویدصادق ایڈووکیٹ بھمبرودیگر عہدیداران کے انتخاب کو بھی سراہا ہے اورانہیں دلی مبارک دیتے ہوئے اس توقع کا اظہاکیاہے کہ "جرال راجپوت تنظیم" کے عبوری مرکزی عہدیدارین ایک سال کے اندررکنیت سازی کاعمل مکمل کرکے اوربرادری کے اتحادواتفاق کیلئے اپنی صلاحیتوں کالوہامنوائیں گے ۔

ایم ڈی طاہر جرال نے کہا کہ اگلے قدم پر "جرال راجپوت فاؤنڈیشن" کا قیام بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جس کیلئے جرال راجپوت برادری کی سرکردہ شخصیات وزعماکو اپناکرداراداکرناہے۔