مظفرآباد شہر میں پید ل سفر محال ہوچکا ہے ، بے ہنگم ٹریفک ،تجاوزات کی بھرمار ، پا رکنگ پلازوں کی عدم تعمیر ،سہولیات کا فقدان کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا ہے

سینئر قانون دان ، سیاسی وسماجی رہنما عبدالرشید کرناہی ایڈووکیٹ کا بیان

منگل 17 اپریل 2018 15:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2018ء) سینئر قانون دان ، سیاسی وسماجی رہنما عبدالرشید کرناہی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ مظفرآباد شہر میں پید ل سفر محال ہوچکا ہے ، بے ہنگم ٹریفک ،تجاوزات کی بھرمار ، پا رکنگ پلازوں کی عدم تعمیر ،سہولیات کا فقدان کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا ہے ، چہلہ بانڈی پُل جو کروڑوں روپے مالیت سے سال 1979میں تعمیر ہوا ،یہ پُل ضلع نیلم سمیت متعدد علاقوں کو شہر سے ملاتا ہے اب پُل خستہ حالی کاشکار ہے ، پل پر جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں بارش کے دوران پُل پر پانی کے باعث پیدل سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، پل کی خستہ حالی کے باعث کسی بھی وقت ناخوشگوار حادثہ ہوسکتا ہے ،مظفرآباد شہر کے تمام علاقوں میں بے ہنگم ٹریفک کے باعث عوام کو مشکل کا سامنا ہے ،چہلہ بانڈی ، سنٹر پلیٹ ،اولڈ سیکرٹریٹ سمیت دیگر علاقوں میں سڑک کے دونوں اطراف گاڑیاں کھڑی رہتی ہیں درمیان میں رکشہ مافیا براجمان ہوتا ہے ، جن کے باعث سڑکوں پر بھی گھنٹوں ٹریفک جام رہتی ہے جس کی وجہ سے لوگ شدید ذہنی کوفت کاشکار ہوگئے ہیں بالخصوص سکولز کالجز اور دفاتر کی چھٹی کے اوقات میں ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر جاتا ہے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں،فٹ پاتھ پر تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں دوسری جانب شہر کی اہم شاہراہوں پر ریڑھی بانوں نے قبضہ کر رکھا ہے جابجا قائم تجاوزات کے باعث لوگوں کے پیدل چلنا بھی محال ہوکر رہ گیا ہے موجودہ حکومت سمیت سابق تمام حکومتوں نے اس مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دی ا ب صورتحال گمبھیر ہو گئی ہے اور سہولیات نہ ہونیکے برابر ہیں ،حکام کی عدم توجہی کے باعث اس وقت مظفرآباد شہر میں ہزاروں رجسٹرڈ اورغیر رجسٹر ڈ رکشے ہیں جبکہ شہر میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی عملہ ناکافی ہے شہر کی لاکھوں آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے درجن سے زائد ٹریفک اہلکار ہیں ،عبدالرشید کرناہی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیئے خصوصی اقدامات کیئے جائیں ٹریفک کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پارکنگ پلازوں کی تعمیر ناگزیر ہے اور انتظامیہ تجاوزات کا خاتمہ کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

متعلقہ عنوان :