حضرت زینب ؑخدا پرستی ، ایثار و قربانی کا اہم باب ہیں، ثاقب اکبر

ہمیں اہلبیت کی خواتین کو اپنی زندگی کا اسوہ بنانا چاہیے علمی و تحقیقی ادارے البصیرہ کے زیر اہتمام جناب زینب افتخار اسلام مذاکرہ میں مقررین کا اظہار خیال

منگل 17 اپریل 2018 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء)فقط یوم خواتین منانا کافی نہیں بلکہ انسان کو پیروی کے لیے اسوہ اور نمونہ بھی درکارہے ، اسلام کے دامن میں ایسی عظیم خواتین موجود ہیںجو تا دم قیامت ایک مثال ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار صدر نشین البصیرہ اور ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نے علمی وتحقیقی ادارے البصیرہ کے شعبہ خواتین کے زیر اہتمام منعقدہ جناب زینب سلام اللہ علیہا افتخار اسلام مذاکرہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ طلوع اسلام سے قبل بھی خواتین میں ایسی کئی ایک مثالیں موجود ہیں جن کا کردار اسوہ کی حیثیت رکھتا ہے ۔

ثاقت اکبر نے کہا کہ جناب زینب سلام اللہ علیہا تاریخ اسلام میں قربانی ، ایثار، خدا پرستی کا ایک اہم باب ہیں جو کربلا ، کوفہ و شام میں تحریر کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مرد اور عورت اس معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان دونوں کے فعال کردار کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ہے ۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی راہنما عابدہ راجہ نے کہا کہ خواتین کے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے انھوں نے ہی اولاد کی تربیت کرنی ہے جو کہ آگے بڑھ کر ایک مفید معاشرے کی بنیاد بنتی ہے ۔

انھوں نے کہ کہا کہ خواتین کو مختلف شعبوں میں عزت و وقار کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔اسلامی یونیورسٹی کی سابق استاد زبیدہ خاتون نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زینب کی تربیت فاطمہ جیسی ماں اور علی جیسے باپ کے زیر اثر ہوئی اور انھوں نے ابتداء سے ہی قرآن کریم کے ماحول کو پایا اسی ماحول اور تربیت کا اثر ہمیں کربلا ، کوفہ اور شام میں نظر آیا ۔

انھوں نے کہا کہ آج ہماری خواتین کو باغی بنایا جارہا ہے ہمیں اہلبیت کی ان خواتین کو اسوہ بنانا چاہیے ۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے الدعوة اکادمی کے شعبہ خواتین کی انچارج شگفتہ عمر نے کہا کہ جناب زینب سلام اللہ علیہا ایک اعلی گھرانے کی فرد تھیں آپ کے نانا ، والد ، والدہ ، چچا ، شوہر سب ایک سے بڑھ کر ایک تھے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم ان کی زندگی کو اپنے لیے اسوہ بنائیں ۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں حضرت زینب کا دن ہر سال منانا چاہیے ۔ وہ عالم اسلام کی خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں تقریب میں جمعیت علمائے پاکستان کی راہنما شازیہ خان ، تحریک جوانان کے شعبہ خواتین کی راہنما آصفہ ہاشمی ،ہادی ٹی وی کی چیئر پرسن مرضیہ نجفی ، معروف شاعرہ عابدہ تقی، سیکشن آفیسر عنبرین زیدی ،معروف صحافی فوزیہ ،شبیہہ زھراء ہما مرتضی مسئول البصیرہ شعبہ خواتین ، اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ اس تقریب میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ یہ مذاکرہ جناب زینب سلام اللہ علیہا کے روز ولادت کی مناسبت سے البصیرہ کے شعبہ خواتین کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا ۔