پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا دورئہ چین

چین کی بحریہ کے سربراہ اور دفاعی صنعت کی اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں

منگل 17 اپریل 2018 17:26

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا دورئہ چین
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دورے کے دوران چین کی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل شین جِنلونگ (Shen Jinglong)اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار سائنس،ٹیکنالوجی اینڈ انڈسٹری کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زُو زھانبِن (Xu Zhanbin)سے ملاقاتیں کیں۔

بیجنگ میں واقع چین کی بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر چین کی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل شین جِنلونگ نے پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔چین کی بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے نیول چیف کو سلامی پیش کی۔بعد ازاں، پاک بحریہ کے سربراہ نے چین کی بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اُمور بشمول دو طرفہ بحری اشتراک اور بحرِ ہند کی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں بحری افواج کے مابین تعاون کے مختلف شعبوں پر بھی بات چیت کی گئی ۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو چین کی بحریہ کے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کردار بشمول میری ٹائم دہشت گردی اور بحری قزاقی کی روک تھام کے ضمن میں کثیر القومی ٹاسک فورس میں پاک بحریہ کی شرکت پر روشنی ڈالی۔

چین کی بحریہ کے سربراہ نے خطے میںمشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی خدمات اور عزم ِ صمیم کو سراہا۔وائس ایڈمرل شین جِنلونگ نے کہا کہ پاک بحریہ خطے میں میری ٹائم امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جو خطے میں آزادانہ جہاز رانی کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی میں نہایت ہی مددگار ہے۔قبل ازیں، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار سائنس،ٹیکنالوجی اینڈ انڈسٹری کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زُو زھانبِن سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُموربشمول عسکری صنعت کی ترقی کے اشتراک پر بات چیت کی گئی۔پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی اشتراک میں مزید وسعت اور استحکام کا باعث ہو گا۔