سندھ اسمبلی ،پرائیوٹ ممبرز ڈے کے موقع پر 8 نجی بل اور 4 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور، 4 بل ایوان میں متعارف ،جن میں سے دو قائمہ کمیٹی کے سپرد

منگل 17 اپریل 2018 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) سندھ اسمبلی نے منگل کو پرائیوٹ ممبرز ڈے کے موقع پر 8 نجی بل اور 4 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کرلیں جبکہ 4 بل ایوان میں متعارف بھی کرائے گئے جن میں سے دو قائمہ کمیٹی کے سپرد کردئیے گئے۔ سندھ اسمبلی میں منگل کو پرائیوٹ ممبر ڈے کے موقع پر مسلم لیگ فنکشنل کے پارلیمانی لیڈر نند کمار گوکلانی کی جانب سے پیش کردہ ہندو میرج ترمیمی بل ایوان میں متعارف کرادیا گیا۔

پیپلزپارٹی کی خاتون رکن خیر النِسامغل کی جانب سے سندھ ریگیولرائزیشن آف کمرشل ٹرانسپورٹ بل ،یم کیو ایم کی خاتون رکن رعنا انصار کی جانب سے سندھ میں خواتین کے تحفظ سے متعلق ایک پرائیوٹ بل بھی ایوان میں متعارف کرایا گیا۔کارروائی کے دوران پیپلز پارٹی کی خاتون رکن کلثوم چانڈیو نے سٹی یونی ورسٹی کے قیام سے متعلق اپناپرائیوٹ بل سندھ اسمبلی میں پیش کیا،کلثوم چانڈیو کو انگریزی میں بل پڑھنے میں دشواری ہورہی تھی جس پرایڈیشنل سیکریٹری حسن شاہ کلثوم چانڈیو کی مدد کے لئے انکی نشست پر پہنچ گئے اور انگریزی عبارت پڑھنے میں انکی مدد کرتے رہے۔

(جاری ہے)

بعد میں ایوان نے یہ بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔سندھ میں غیر قانونی تارکین وطن کو نادرا کی جانب سے قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے خلاف فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی کی سندھ اسمبلی میں قرارداد ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلی۔محرک کا کہنا تھا کہ نادرا سٹیزن شپ ایکٹ کی خلاف ورزی کررہاہے۔ بغیرتصدیق کے بنگالی اور برمیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے جارہے ہیں،پانچ لاکھ سے زائد غیرقانونی شناختی کارڈجاری ہوچکے ہیں۔

جن لوگوں کو غیرقانونی طریقے سے کارڈز جاری کئے گئے ان کی پرانی درخواستوں کو بحال کیا گیا اوراعتراضات ختم کردیئے گئے ۔غیرقانونی طورپر آئے ہوئے افغانیوں کو بھی بڑے پیمانے پر شناخت دی گئی ہے ،افغانی نہ صرف ووٹ بھی رجسٹرڈ کرواچکے بلکہ وہ کائونسلرز اور یوسی چیئرمین بھی بن گئے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ نادراکے ملازمین بڑے پیمانے پر غیرقانونی شناختی کارڈبنانے میں ملوث ہیں،طالبان کمانڈر ملامنصورکابھی سہراب گوٹھ کا کارڈ بنا ہوا تھا،شربت بی بی کیس بھی مشہور ہوچکا ہے۔

انہوں نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ وفاق سے اس معاملے پر بات کرے تاکہ یہ سلسلہ بند ہوسکے۔ ایوان نے اپنی کارروائی کے دوران سندھ کی کسی ایک سرکاری جامعہ کو دنیا کی پچاس بہترین جامعات میں شامل کرانے سے متعلق پیپلزپارٹی کی سائرہ شہلیانی کی قرارداد سندھ اسمبلی نے منظور کرلی۔ شہر میںکالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی سے متعلق محمد قمر عباس رضوی کی قرارداد اورکراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف خرم شیرزمان کی قراردادیں بھی سندھ اسمبلی نے منظور کیں۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے پیپلزپارٹی کے الیکٹرک کی بزنس پارٹنر ہے۔ سندھ حکومت لوشیڈنگ ختم کرانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ جس پر سینئر وزیر پالیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ کے الیکٹرک کی پرائیوٹائزیشن کے وقت ہم حزب اختلاف میں تھے جبکہ خرم شیر زمان کا لیڈر (عمران خان)اس وقت پرویزمشرف کے ساتھ بیٹھا تھا۔ انہوں نے محرک کو مشورہ دیا کہ پہلے وہ اپنے گریبان میں جھانکیں اور پھر بات کریں، نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ کے خلاف دھرنے دیئے اور احتجاج کیا،ہم سب کراچی والے ہیں ،کیا کراچی کا دردصرف آپکو ہے ، ہمیں نہیں ہے انہوں نے کہا کہ تقریر کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ نوازشریف جب وزیراعظم تھے تو اس وقت سی سی آئی کے آجلاس بھی نہیں ہوتے تھے اس پر بھی ہم نے احتجاج کیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ پہلے پرائیوٹائزینش کی حمایت کی ،اب مگرمچھ کے آنسو بہانے کا کیا فائدہ سندھ اسمبلی نے کیپیٹل یونیورسٹی کراچی کا پرائیویٹ بل سندھ اسمبلی نے منظور کرلیا۔بل پیپلزپارٹی کی غزالہ سیال نے پیش کیا تھا۔

ایوان نے ایمان انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز کے پرائیوٹ بل کی بھی منظوری دی۔بل کی منظوری کے وقت ارکان کی آواز قدرے دھیمی تھی جس پرڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے چٹکلا چھوڑتے ہوئے کہا کہ کیا آپ لوگوں کے لئے گلوکوز بھجوا دوں۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی اویس قادر شاہ نے سکھر میں اروڑ یونیورسٹی کے قیام سے متعلق بل پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا ۔

ایم کیو ایم کی منحرف کاتون رکن سمیتا افضال نے سندھ گٹکا، مین پوری کی تیاری ،پھیلائو، تقسیم ، درآمداور خرید و فروخت پر پابندی کا ترمیمی پرائیویٹ بل 2018 ایوان میں پیش کیا جسکی ایوان نے منظور ی دیدی۔ جس وقت یہ ترمیمی بل پاس کیا گیا اس وقت اجلاس کی صدارت اسپیکر آغا سراج کررہے تھے انہوں نے ازراہ مذاق ایم کیو ایم کے رکن جمال احمد سے دریافت کیا کہ لگتا ہے آپ نے گٹکاٹرائی کیا ہے۔

انہوں نے ارکان سے کہا کہ وہ اس معاملے پر کچھ بولنا چاہیں گی جس پر جمال احمد نے کہا کہ گٹکا کھانے سے پہتر ہے ہم فروٹ کھالیں جس پر ایوان میں قہقہے بلند ہوگئے۔سندھ اسمبلی نے دوران حمل خواتین ملازمین کی چھٹیوں کو بڑھانے کا پرائیوٹ بل بھی متفقہ طور پر منظور کرلیا جو پی ٹی آئی کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیا نے پیش کیا تھا۔بل پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عورتوں کی ڈلیوری سے ایک مہینہ پہلے اور تین ماہ بعد تک چھٹی دی جائے۔

سندھ اسمبلی نے اسکن لیزر ٹریٹمنٹ پرائیویٹ بل اور اسٹریٹ چلڈرن کے لئے شیلٹر ہوم کا پرائیویٹ بل منظور کرلیا یہ دونوں بل بھی پی ٹی آئی کی ڈاکٹر سیما ضیا کی جانب سے پیش کئے گئے تھے۔ ایوان نے خواتین کی منصفانہ نمائندگی سے متعلق پرائیویٹ بل قائمہ کمیٹی کے سپردکردیا یہ بل پیپلزپارٹی کی سائرہ شہلیانی نے پیش کیا تھا۔ ایوان نے یونی ورسٹی آف آرٹ اینڈ کلچر جامشورو پرائیویٹ بل سندھ اسمبلی نے منظور کرلیا جو پیپلزپارٹی کی غزالہ سیال نے پیش کیاتھا۔ایجنڈے کی تکمیل کے بعد ایوان کی کارروائی بدھ کی صبح دس بجے تک ملتوی۔کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :