طلباء کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت بھی بہت اہم ہے،وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمان

منگل 17 اپریل 2018 23:47

طلباء کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت بھی بہت اہم ہے،وفاقی وزیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ طلباء کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت بھی بہت اہم ہے۔وفاقی وزیر نیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن اور ایف 6/3سکول پارک کے ماسٹر محمد ایوب کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کے موقع پر خطاب کررہے تھے جوکہ منگل کو یہاں وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت میں ہوئے اس موقع پر سیکرٹری وزارت تعلیم اکبر حسین درانی اور جوائنٹ ایجوکیشن ایڈوائزرمحمد رفیق طاہر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا اثاثہ ہیں اور ان میں مثبت سوچ پیدا کرنا بہت اہم ہے۔ وفاقی وزیر نے نوجوانوں کی کردار سازی پر بھی زوردیا اور کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو مثبت رویہ اپنانا چاہئیے تاکہ وہ اچھے اور برے میں تمیز کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں اور تعلیمی شعبہ کے فنڈز میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے غریب اور ضرورت مند بچوں کو مفت پڑھانے والے ماسٹر محمد ایوب کی خدمات کو سراہا۔ اور بعد ازاں نیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن اور ماسٹر محمد ایوب پارک سکول ایف 6/3اسلام آباد کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت نیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن نے ماسٹر محمد ایوب پارک سکول کے سکولوں کو اپنانے بارے اپنے پروگرام کا حصہ بنالیا۔ اس موقع پر نیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن نے ماسٹر محمد ایوب پارک سکول کو پانچ کرسیاں ،بلیک بورڈ بمعہ سٹینڈ، سینکڑوں کتابیں، کاپیاں اور دیگر اشیاء بھی فراہم کیں۔ نیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن طلباء کو مفت کتابوں کی فراہمی کے علاوہ محمد ایوب کو ماہانہ 5ہزار اعزازیہ بھی دے گی۔

متعلقہ عنوان :