گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا سانحہ کار ساز کے شہداء کو خراج عقیدت

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 15:04

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا سانحہ کار ساز کے شہداء کو  خراج ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سانحہ کار ساز کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر 2007ء کا دن پاکستان کی جمہوری جدوجہد کی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش باب ہے، پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کےلیے اپنی لازوال قربانیوں کی مثال قائم کی۔

ہفتہ کو اپنے پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ شہداء کار ساز نے جس عزم اور جرات کا مظاہرہ کیا، وہ پارٹی اور قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں اس قافلے نے آمریت، جبر اور دہشتگردی کے مقابل کھڑے ہو کر تاریخ رقم کی۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھے گی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا کردار اسی جذبے اور استقامت کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آج ان قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم دہراتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ جمہوریت اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں شہدا کار ساز کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، یہ قربانیاں پاکستان کے مستقبل کو روشن اور جمہوری بنیادوں پر مستحکم بنانے کی ضمانت ہیں۔