نئی فضائی کمپنی ائیرپنجاب کے قیام کیلئے ورکنگ کمیٹی نے ایک ارب کا فنڈ مانگ لیا

صوبے کی اپنی ایئرلائن شروع کرنے کے اقدامات میں تیزی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کو لائسنس کیلئے درخواست جمع کرادی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 اکتوبر 2025 14:02

نئی فضائی کمپنی ائیرپنجاب کے قیام کیلئے ورکنگ کمیٹی نے ایک ارب  کا فنڈ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2025ء ) ملک میں نئی فضائی کمپنی ائیرپنجاب کے قیام کیلئے ورکنگ کمیٹی کی جانب سے ایک ارب روپے کا فنڈ مانگ لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کی صوبائی حکومت کے منصوبے ایئر پنجاب میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور صوبے کی اپنی ایئر لائن کے قیام کیلئے عملی اقدامات تیزکردئیے گئے ہیں، اس سلسلے میں ورکنگ کمیٹی نے ایک ارب روپے فنڈز کی ڈیمانڈ محکمہ خزانہ کو بھجوادی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو لائسنس کے اجراء کیلئے درخواست بھی جمع کرادی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت ایئر پنجاب کے نام سے صوبے کی پہلی ائیر لائن کی منظوری دے چکی ہے اور 5 طیارے لیز پر لینے کا ارادہ رکھتی ہے ، منصوبے کا حتمی تخمینہ لگانے کا عمل اور طیاروں کی لیزنگ کے حوالے سے مختلف کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے، پنجاب حکومت جلد ایئر اتھارٹی یا بورڈ کی حتمی منظوری دے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں نیا ائیرپورٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا ہے، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ائیرپورٹ کے لیے مجوزہ سائٹ کی نشاندہی کردی ہے جو راوی سٹی کے قریب اور موٹروے ایم تھری کے نزدیک واقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کا نیا ائیرپورٹ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر تعمیر کیا جائے گا، اس منصوبے کی لاگت اور فنانسنگ ماڈل کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، نئے ائیرپورٹ کی تعمیر سے لاہور کے موجودہ ہوائی ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں طور پر کمی آئے گی اور اس کے علاوہ روزگار و سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔