سی آئی اے ڈائریکٹر کا خفیہ دورہ شمالی کوریا، کم جونگ سے ملاقات کا انکشاف

مقصدٹرمپ اورشمالی کوریائی سربراہ کے درمیان ملاقات اورایجنڈے کی تیاری تھی،امریکی اخبار

بدھ 18 اپریل 2018 12:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) امریکی میڈیا نے خبر دی ہے کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پیم پیاو ایک خفیہ دورے پر شمالی کوریا گئے تھے جہاں انھوں نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ اس ملاقات کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ملاقات کی تفصیلات طے کرنا تھا۔

یہ غیرمتوقع اور خفیہ ملاقات امریکہ کا شمالی کوریا کے ساتھ 2000 کے بعد سے اعلیٰ ترین سطح پر رابطہ ہے۔ادھر ایک ٹوئیٹ میں صدر ٹرمپ کے مطابق شمالی کوریا اور امریکہ کے حکام کی براہ راست بات چیت ہوئی ہے تاکہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان تاریخی ملاقات کے بارے میں معاملات طے کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ بات چیت میں کون شامل تھا تاہم امریکی اخبار کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ مائیک پیم پیاو نے ایسٹر کے موقعے پر شمالی کوریا کا خفیہ دورہ کیا جہاں ان کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات ہوئی ۔

اس خفیہ ملاقات کے بارے میں زیادہ تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم اس کا مقصد ٹرمپ کم سربراہی ملاقات کی راہ ہموار کرنا تھا۔اخبار لکھتا ہے کہ ملاقات اس کے فوراً بعد ہوئی جب صدر ٹرمپ نے پیم پیاو کو وزیرِ خارجہ کے طور پر نامزد کیا تھا۔بعد ازاں برطانوی خبررساں ادارے نے بھی اس خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ انھیں یہ بات سینئر حکام نے بتائی ہے۔

متعلقہ عنوان :