بھارت میں ہاتھیوں کی آبادی میں ایک چوتھائی کمی، نئے سروے میں انکشاف

جمعرات 16 اکتوبر 2025 15:48

بھارت میں ہاتھیوں کی آبادی میں ایک چوتھائی کمی، نئے سروے میں انکشاف
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) بھارت میں جنگلی ہاتھیوں کی آبادی کے تخمینے میں تقریبا ایک چوتھائی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے ایک نئے سروے ، جس میں ڈی این اے پر مبنی نظام شامل کیا گیا، کے مطابق یہ اب تک کا سب سے درست لیکن تشویش ناک تخمینہ ہے۔انڈیا دنیا کے باقی ماندہ جنگلی ایشیائی ہاتھیوں کی اکثریت کا مسکن ہے آئی یو سی این کے مطابق خطرے سے دوچار نسل ہے، اور جس کے لیے سکڑتے ہوئے جنگلات اور مسکن ایک بڑھتا ہوا خطرہ بن چکے ہیں۔

وائلڈ لائف انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کی جانب سے اس ہفتے جاری ہونے والی آل انڈیا ایلیفینٹ ایسٹیمیشن رپورٹ کے مطابق ملک میں جنگلی ہاتھیوں کی تعداد 22,446 ہے، جو 2017 میں تخمینہ لگائی گئی 29,964 کی نسبت 25 فیصد کم ہے۔

(جاری ہے)

یہ سروے 21 ہزار سے زائد ہاتھیوں کے فضلے کے جینیاتی تجزیے، وسیع کیمرا ٹریپ نیٹ ورک اور 6.67 لاکھ کلومیٹر پیدل سروے پر مبنی ہے۔تاہم محققین کا کہنا تھا کہ طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کے باعث ان نتائج کا پچھلے تخمینوں سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا، اور انہیں ایک نئی مانیٹرنگ بنیاد سمجھا جانا چاہیے۔

رپورٹ نے خبردار کیا کہ یہ اعداد و شمار انڈیا کے ایک علامتی جانور پر بڑھتے دبا کی عکاسی کرتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈیا میں ہاتھیوں کی موجودہ تقسیم ان کے تاریخی مسکن کے صرف ایک معمولی حصے کی نمائندگی کرتی ہے۔