ْلاہور‘پوزیشن لینے والے 445طالبعلموں اور 385اساتذہ میں 19کروڑ 10لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم

وزیراعلیٰ کی طرف سے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر کے پوزیشن ہولڈرز اور ان کے والدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا رٹا سسٹم کو خیرباد کہنے کا وقت آگیا، 2023تک تمام کالجوں میں کنسیپشنل ایجوکیشن سسٹم رائج کرینگے‘ وزیر ہائر ایجوکیشن سیدرضا علی گیلانی

بدھ 18 اپریل 2018 15:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) پنجاب حکومت نے 10سالہ روایت برقرار رکھتے ہوئے پنجاب سمیت ملک بھر کے ایسے طلبا، طالبات اور اساتذہ میں 19کروڑ 10لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے ہیں جنہوں نے 2017کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس ضمن میں ایوان اقبال میں تقریب ہوئی جس کے مہمانان خصوصی صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی، وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران، وزیر ماحولیات بیگم ذکیہ شاہنواز، وزیر پی ڈی ایم اے مہر اعجاز اچلانہ ،مشیر وزیراعلیٰ رانا محمد ارشداور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نبیل اعوان تھے۔

اس موقع پر 445 پوزیشن ہولڈرطالبعلموں اور 385اساتذہ کرام میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی طرف سے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈرز اور ان کے والدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے اپنے خطاب میں انعام حاصل کرنے والے بچوں اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہر طالبعلم کو بالترتیب 4لاکھ، 3لاکھ اور 2لاکھ روپے جبکہ اساتذہ کو 2لاکھ، ڈیڑھ لاکھ اور ایک لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت ہونہارطالبعلموں کے ٹیلنٹ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اب تک ایک ارب 13کروڑ 80لاکھ روپے خرچ کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کالجوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سوا سال کے دوران 3971 لیکچررز اور اسسٹنٹ پروفیسر بھرتی کئے گئے۔ اب بھرتی ہونے والے اساتذہ کیلئے کالج میں جائننگ سے پہلے تربیت لازمی قرار دے دی گئی اور بتدریج تمام کالجوں کے اساتذہ کو بھی سول سروس کے ’نیپا‘ کورس کی طرز پر لازمی ٹریننگ حاصل کرنا پڑے گی۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ اختتام پذیر مالی سال کے دوران پنجاب کے 736کالجوں میں آئی ٹی، سائنس لیبز اور لائبریریوں میں ضروری کتب فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رٹا سسٹم کو خیرباد کہنے کا وقت آگیا ہے اور اب ہمیں دنیا کے باقیماندہ ممالک کی طرح کنسیپشنل ایجوکیشن کی طرف آنا ہوگا۔ اس ضمن 2023تک صوبے کے تمام کالجوں میں یہ طریقہ رائج کردیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف کے انقلابی اقدامات کے تحت 2018میں منتخب کالجوں جبکہ 2020 تک تمام کالجوں میں بی ایس آنرز لازمی قرار دیا جارہا ہے۔ ہمیں لکیر کا فقیر نہیں بننا بلکہ اپنا روڈ میپ خود بنانا ہوگا۔ سید رضا علی گیلانی نے بتایا کہ سکالرشپ پروگرام کے تحت اس وقت 65طلبا کیمبرج اور اکسفورڈ یونیورسٹی سمیت دنیا کی ممتاز ترین 50 یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ سی پیک منصوبے سے بھرپور نتائج حاسل کرنے کیلئے چینی زبان سیکھنے کا بھی پائلٹ پروگرام کامیابی سے آگے جاری ہے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے 3لاکھ 85ہزار طلبا اور طالبات کو 6ارب روپے کا سکالرشپ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :