الیکشن ہونے یا نہ ہونے سے نیب کا کوئی تعلق نہیں،ایسی کوئی طاقت نہیں جو نیب کی ڈوری ہلائے، جب ایسا ہوا تو بیگ اٹھا کر گھر چلا جائوں گا

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی پی اے سی اجلاس میں بریفنگ کے بعد پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت

بدھ 18 اپریل 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) قومی احتساب 0رو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن ہونے یا نہ ہونے سے نیب کا کوئی تعلق نہیں ہے، ایسی کوئی طاقت نہیں جو نیب کی ڈوری ہلا سکے، جب ایسا ہوا تو بیگ اٹھا کر گھر چلا جائوں گا۔ بدھ کو پی اے سی اجلاس میں نیب مقدمات کے حوالے سے بریفنگ دینے کے بعد پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی اے سی نے نیب کے کام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

یہ تاثر درست نہیں کہ نیب انتقامی کارروائی کر رہا ہے۔ نیب کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں کر رہا۔ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو روکنا نیب کا کام نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی طاقت نہیں جو نیب کی ڈوری ہلا سکے جب بھی ایسا ہوا تو بیگ اٹھا کر واپس چلا جائوں گا۔

نیب مقدمات کی وجہ سے انتخابی عمل متاثر ہونے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن ہونے یا نہ ہونے سے نیب کا کوئی تعلق نہیں ہے، کسی نے کرپشن کی ہے تو الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے بعد بھی وہ جوابدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دس ماہ میں کوشش کریں گے کہ نیب میں زیر التواء مقدمات کو نمٹا دیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مفرور افراد کے خلاف وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔ احتساب کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔