آزادکشمیر کی پن بجلی کی پیداوار کے سلسلہ میں مختلف منصوبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے بھی تیار ہیں، کیو جیانگ وے

صدر آزاد جموں و کشمیر سے چانگ کنگ واٹر ٹربیون ورکس کمپنی کے وفد کی کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات

بدھ 18 اپریل 2018 16:20

اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے چانگ کنگ واٹر ٹربیون ورکس کمپنی کے وفد نے مسٹر کیو جیانگ وے کی قیادت میں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ مسٹر کیو جیانگ وے نے صدر آزادکشمیر کو بتایا کہ اُن کی کمپنی پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں پن بجلی کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ آزادکشمیر میں بھی پن بجلی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کریں ۔

مسٹر کیو جیانگ وے نے صدر کو بتایا کہ اُن کی کمپنی ٹربائنزبنانے میں خصوصی مہارت رکھتی ہے اور وہ بالخصوص پن بجلی کے چھوٹے ڈیم بنانے میں فنی صلاحیت رکھتے ہیںاور آزادکشمیر کی پن بجلی کی پیداوار کے سلسلہ میں مختلف منصوبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے بھی تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ آزادکشمیر میں جاری موجودہ منصوبہ جات کی اپ گریڈیشن اور مینٹینینس میں بھی سرمایہ کاری کرنے کے خواہش مند ہیں ۔

صدر آزادجموں و کشمیر نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پن بجلی کی پیداوار اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں آزادکشمیر اور چائنہ کے قریبی تعلقات ہیں ۔صدر آزادکشمیر نے مزید کہا کہ آزادکشمیر میں پن بجلی کی پیداوار کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں رواںسال کے آخر تک 2400 میگا واٹ بجلی پیدا ہونا شروع ہو جائے گی جبکہ ہماری کل متوقع پیداواری استعداد 8800 سو میگا واٹ ہے ۔

صدر مسعود خان نے کہا کہ سی پیک کے تحت آزادکشمیر اور پاکستان کا اقتصادی منظرنامہ تبدیل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ اور پاکستان نے علاقائی و اقتصادی ترقی کے لئے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں جس میں سی پیک ایک اہم کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر ان اقتصادی منصوبہ جات کا ایک اہم حصہ رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :