نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں،صادق سنجرانی

نوجوانوں کی توانائیوں کو صحیح سمت میں ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے،ہمیں معیار تعلیم بہتر بنانا ہوگا چیئرمین سینیٹ کااقراء یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر خطاب

بدھ 18 اپریل 2018 17:20

نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں،صادق سنجرانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور نوجوان نسل تاریخ کے کسی بھی موڑ پر قوموں کی امیدوں اور خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے ان خیالات کا اظہار اقراء یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان آبادی کی شرح کافی زیادہ ہے اور ان کی توانائیوں کو صحیح سمت میں ڈھالنے کی اشد ضرورت ہے اس مقصد کیلئے ہمیں معیار تعلیم بہتر بنانا ہوگا۔ خاص طور پر اعلیٰ تعلیم جو کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے کو بہتر کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کوریاستی سرپرستی کے بغیر بہتر نہیں بنایا جاسکتااور نوجوان نسل اس کے بغیر بااختیار نہیں بن سکتی۔

چیئرمین سینٹ نے شرکاء کو سینٹ کے حالیہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سینٹ نے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم کردار ادا کیا اور کئی یونیورسٹیوں کے ساتھ انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے باہمی سمجھوتوں کی یاداشتوں پر دستخط بھی کیے جبکہ عوامی عرضداشتوں کے نظام ، پارلیمان کے دوروں کی حوصلہ افزائی اور اس طرح دوسرے اقدامات کے ذریعے نوجوان نسل اور پارلیمان کے مابین فاصلے کم کرنے میں مدد ملی۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا جس طرح پارلیمان ان کی حمایت میں پیش پیش ہے اسی طرح نوجوان نسل میں بھی ایک اچھا شہری بننے کیلئے جستجو کا ہونا لازمی ہے۔ اس مقصد میں غیر متزلزل عزم اور مخلصانہ کوششوں کے ذریعے ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے اقراء یونیورسٹی کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں اقراء یونیوسٹی نے ہمیشہ مخلصانہ کوششیں کی ہیں۔انہوں نے اس موقع پر اقراء یونیورسٹی کی انتظامیہ کو گوادر میں کیمپس تعمیر کرنے کی بھی تجویز دی جبکہ کامیاب ہونے والے طلباء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ تقریب میں سینیٹر فدا محمد خان بھی چیئرمین سینٹ کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :