کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے غیرقانونی گاڑیوں اور رکشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،کمشنر کوئٹہ

بدھ 18 اپریل 2018 20:03

․ کوئٹہ ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن جاوید انورشاہوانی نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے،غیرقانونی گاڑیوں اور رکشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس کے علاوہ غلط پارکنگ اور ڈبل پارکنگ کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر میں ٹریفک کی بہتر ی اور غیرقانونی گاڑیوں اوررکشوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک فاروق فیض لہڑی، ایس پی ٹریفک سٹی محمدجاوید ملک، ایس پی ٹریفک سریاب شیرمحمدکاکڑ کے علاوہ ڈی ایس پیز اور انسپکٹرز بھی موجود تھے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ شہر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور غیرقانونی گاڑیوں کے خلاف کارروائی سے ٹریفک جام کے مسائل پر قابو پایا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ٹریفک کے نظام اورروانی کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ شہر میں ٹریفک جام کے مسائل پیش نہ آئیں۔

انہوں نے کہاکہ غیر قانونی اوربغیررجسٹریشن گاڑیوں اور جعلی پرمٹ ہولڈز رکشوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے ۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے سلسلے میں ٹریفک پولیس اہم کردار اد ا کررہی ہیں ۔غلط پارکنگ اور ڈبل پارکنگ کی روک تھام کے سلسلے میں مختلف شاہراہوں پر روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاںکی جارہی ہیں۔

میزان چوک پر گاڑیوں کے لئے عارضی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی رکشوں کے خلاف بھی شہر میں مہم جاری ہے اس سلسلے میں شہر کے نواحی علاقوں میں غیرقانونی رکشوں کے خلاف کارروائی سے ٹریفک کے مسائل کچھ حد تک حل ہونگے۔شہر کی مختلف شاہراہوں پر نصب ٹریفک سائن بورڈز کی مرمت اور تنصیب سے بھی ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔عوام کی سہولت کے لئے چالان کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے ایزی پیسہ اور موبی کیش کیذریعے جمع کروانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

بڑی گاڑیوں کو شہر سے باہر دن کے اوقات میں روکنے سے ٹریفک میں بہتری آرہی ہے۔معززعدالت کے حکم پر شورومز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے پر سیل کردیا گیا جبکہ بسوں کو مخصوص جگہ مہیا کرکے شہر کے اندر داخلے پر پابندی لگائی جائے ۔ایس ایس پی کوئٹہ نے کمشنر کو ٹریفک سے متعلق ایک تفصیل رپورٹ پیش کی جس کے بعد ٹریفک کی بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ٹریفک کی بہتری کے حوالے سے مسائل اور تجاویز پر کام شروع کرنے اور صوبائی حکومت سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :