Live Updates

عمران نیازی کی پریس کانفرنس کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے، نیر حسین بخاری

بدھ 18 اپریل 2018 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے عمران نیازی کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ پارٹی سے نکالنے یا نہ نکالنے کا پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے تاہم عمران نیازی کی پریس کانفرنس کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔ نیر بخاری نے کہاکہ عمران نیازی نے پریس کانفرنس کرکے کے پی میں ہونے والی کرپشن کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود سینیٹ کے لئے 40کروڑ کی بولی لگائی تھی جبکہ پی ٹی آئی کے کارکن خود یہ الزام لگاتے رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے عہدے بکتے ہیں اور پی ٹی آئی اندرونی انتخابات میں الیکشن کمشنر نے خود پی ٹی آئی کے اندرونی انتخابات میں دھاندلی کا راز فاش کیا تھا اور قوم کو یہ بھی یاد ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق عہدیدار عمران نیازی پر فارن فنڈنگ میں خردبرد کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ ان کا مقدمہ الیکشن کمیشن میں زیرسماعت ہے۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ عمران نیازی جانتے ہیں کہ کے پی میں ان کا شو ختم ہو چکا ہے اور آئندہ انتخابات جیت نہیں سکیں گے اس لئے ان کی پریس کانفرنس شعبدہ بازی ہے۔ ۔طارق ورک
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات