لاپتہ مسیحی نوجوانوں کوبازیاب کروایاجائے، سینیٹرانور لعل ڈین

عبادت گاہوںکیلئے پولیس کی نفری بڑھائی جائے ‘گرجا گھروں میں چوکیاں اور حفاظتی انتظامات سخت کئے جائیں‘پرویز گل

بدھ 18 اپریل 2018 21:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر انور لعل ڈین کی قیادت میں کیتھولک اور چرچ آف پاکستان کے وفد جن میں کیتھولک ڈائیوسس کے وکر جنرل فادرصالح ڈائیگو ، فادرماریوروڈرگز ،پادری شاہد انور، پادری شمعون ، اشفاق سہوترہ، پطرس کھوکھر، پرویز گل، ایڈووکیٹ سلیم مائیکل اور سرفرازآصف نے ایڈیشنل آئی جی مشتاق احمد مہر سے ملاقات کی۔

وفد نے یوحنا آباد سے لاپتہ نوجوانوں کا معاملہ اٹھایاجبکہ اقلیتی عبادتگاہوں کی سیکورٹی کیلئے نفری بڑھانے کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سینیٹرانور لعل ڈین نے ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی نوجوانوں کی پراسرار گمشدگی پر اقلیتی برادری میں شدید تشویش اور خوف کی لہر دوڑ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس لاپتہ مسیحی نوجوانوں کو بازیاب کروائے اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

کراچی کے گرجا گھروں کی سیکورٹی کیلئے کیتھولک چرچز کی سیکورٹی پیس انفورس کے چیف پرویز گل نے اس موقع پر کہا کہ اقلیتی عبادتگاہوں کی حفاظت کیلئے پولیس کی نفری بڑھائی جائے کیونکہ ملک میں گرجا گھروں پر مسلسل حملوں کے بعد اقلیتی عبادتگاہوں کیلئے حفاظتی اقدامات وقت کی ضرورت بن چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں میں چوکیاں بنائی جائیں اور حفاظتی انتظامات مزید سخت کئے جائیں۔ڈی آئی جی مشتاق احمد مہر نے وفد کو لاپتہ مسیحی نوجوانوں کی بازیابی اور اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔