پیپلزپارٹی مکران ڈویژن کی قومی وصوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی،ڈاکٹر برکت بلوچ

بدھ 18 اپریل 2018 22:16

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی مکران ڈویژن کے صدر ڈاکٹربرکت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی مکران ڈویژن کی قومی وصوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کرے گی اور وفاق اورتمام صوبوں میں آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی ، امیدواروں کے ناموں کا حتمی فیصلہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے 4مئی کو دورہ کوئٹہ کے دوران کیاجائے گا، پیپلزپارٹی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کرے گی ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلزپارٹی مکران ڈویژن کے اجلاس کے بعد اپنی رہائش گاہ پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلزپارٹی ضلع کیچ کے صدرحاجی قدیر احمدبلوچ ودیگررہنما بھی موجودتھے ، انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 4مئی کو کوئٹہ کے دورے پر آئیںگے ، ان کے دورہ کوئٹہ کے سلسلے میں منعقدہ پروگرامات میں مکران ڈویژن بھی بھرپور شرکت کرے گی، انہوں پارٹی چیئرمین کو دورہ مکران کی باقاعدہ دعوت بھی دی جائے گی انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی مکران کی تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی ، الیکشن حکمت عملی طے کرلی گئی ہے دیگر سیاسی پارٹیوں سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے گفت وشنید جاری ہے اس سلسلے میں پارٹی شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ اجلاس کریںگے ،انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی غریب عوام کی امنگوںکی ترجمان پارٹی ہے،پیپلزپارٹی میں ورکروں کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ،نوجوان پارٹی کا سرمایہ اور ہر اول دستہ ہیں انہوںنے پی پی پی کے ورکروں پر ذور دیا کہ وہ پارٹی پروگرام اورمنشورکو گھرگھر پہنچائیں اور پارٹی کی جڑوں کو مضبوط کرنے کیلئے عوام کے ساتھ مضبوط روابط رکھیںآصف زرداری اوربلاول بھٹو زرداری ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیںانہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کووسائل اورحقوق دئیے ،آغاز حقوق بلوچستان پیکیج سے بلوچستان کے عوام کی احساس محرومیوں وناامیدیوں کوختم کرنے کی سنجیدہ کوشش کی اوربڑے پیمانے پرنوجوانوں کو روزگار دلایا ،قبل ازیں پیپلزپارٹی مکران ڈویژن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پیپلزپارٹی ضلع کیچ کے صدرحاجی قدیر احمدبلوچ ، مکران ڈویژن کے سنیئرنائب صدر ثناء اللہ بلوچ ، ضلعی جنرل سیکرٹری سیدمحمدبلوچ، تحصیل تربت کے صدر قمبربلوچ، سیف اللہ بلوچ سمیت دیگرعہدیداروں ورہنمائوں نے شرکت کی ، اجلاس میں تنظیمی امور سمیت جنرل الیکشن ،انتخابی فہرستوں ودیگرامور زیربحث رہے اورکئی اہم فیصلے کئے گئے۔