حیدرآباد کی ضلعی انتظامیہ دودھ اور دہی کے سرکاری نرخوں پر فروخت میں ناکام ہو گئی

مقررہ سرکاری قیمت پر عملدرآمد کے سلسلے میں باڑا مالکان اور ڈیری شاپ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے انتظامیہ سے تیسرے روز بھی مذاکرات جاری رہا

بدھ 18 اپریل 2018 22:46

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) حیدرآباد کی ضلعی انتظامیہ دودھ اور دہی کے سرکاری نرخوں پر فروخت میں ناکام ہو گئی، دودھ 95 روپے اور دہی 140 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔دودھ اور دہی کی مقررہ سرکاری قیمت پر عملدرآمد کے سلسلے میں باڑا مالکان، مڈل مین اور ڈیری شاپ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے انتظامیہ سے تیسرے روز بھی مذاکرات جاری رہے، انتظامیہ نے ریٹیلرز کے بعد باڑہ مالکان اور مڈل مین کے لئے بھی دودھ کی نئی قیمت مقرر کردی، ڈیری فارمرز کے لئے فی کلو دودھ کی قیمت 81 روپے جبکہ مڈل مین کے لئے 84 روپے قیمت مقرر، ڈیری ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے 90 روپے فی کلو دودھ کی فروخت ڈیری فارمرز اور مڈل مین کے لئے نئے مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد سے مشروط کردی ان کا کہنا ہے کہ اگر فارمرز اور مڈل مین کے لئے مقررکردہ قیمتوں پر عملدرآمد ہوگا تو ہم بھی عمل کریں گے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کا دودھ کی مقررہ سرکاری قیمت 90 روپے فی کلو اور دہی 120 روپے فی کلو پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کا عندیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالقادر جونیجو کا کہنا ہے کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کا عدالتی فیصلہ صرف کراچی کے لئے تھا ڈیری فارمرز اور ڈیری شاپ ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کیا، دودھ کی مقررہ سرکاری قیمتوں پر عمل نہ کیا گیا تو دفعہ 144 زیر غور ہے، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ سرکاری قیمتوں پر دودھ کی فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائیگی، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد ضلع سے باہر دودھ لے جانے پر پابندی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :