ترکی میں قبل از وقت انتخابات 24 جون 2018ء کو ہوں گے، صدر رجب طیب اردوان

جمعرات 19 اپریل 2018 12:36

ترکی میں قبل از وقت انتخابات 24 جون 2018ء کو ہوں گے، صدر رجب طیب اردوان
استنبول۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ ترکی میں قبل از وقت انتخابات کا انعقاد 24 جون 2018ء کو کیا جائے گا۔ترک نشریاتی ادارے کے مطابق استنبول میں نیشلسٹ موومنٹ پارٹی کے رہنما دولت باھچے لی سے ملاقات میں انھوں نے کہا کہ "ترکی میں 16اپریل کے ریفرنڈم کے بعد سے ابھی تک پرانا نظام ہی نافذ ہے۔

(جاری ہے)

صدر اور حکومتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی میں کوئی مسئلہ در پیش نہیں ہے تاہم اس نظام کی خامیاں ہماری راہ میں حائل ہو رہی ہیں۔ صدر اردوان نے کہا کہ ہم در اصل 2019 کے ماہ نومبر تک اسی نظام پر عمل پیرا رہنے کے حق میں تھے تا ہم شام میں سر حد پار کا رروائی اور عراق میں پیش آنے والے اہم واقعات نے ترکی میں غیر یقینی کی صورتحال کو فی الفور ختم کرنے کو لازمی بنا دیا ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ملک کو درپیش مسائل کی بنا پر دولت باھچے لی کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہیں جس کے تناظر میں ہم نے 24 جون کو انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔