سرگودھا‘رمضان المبارک میں فیسکوصارفین کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا‘سی ای او فیسکو

سسٹم میں بجلی موجود ہے اس کی ترسیل کو بہتر بنانے اور مینجمنٹ کو بھی بہتر کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں

جمعرات 19 اپریل 2018 12:51

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) رمضان المبارک میں فیسکوصارفین کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،جس کے لئے بجلی کی ترسیل کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔سی ای او فیسکو مجاہد اسلام باللہ نے سرگودھا میں ورکشاپ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیسکو پنجاب میں بجلی کی ترسیل اور وصولی میں سر فہرست ہے، اس کو مزید بہتر بنانے کیلئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں،اس سے فیسکو صارفین کو بہتر نتائج میسر آئیں گے،سسٹم میں بجلی موجود ہے اس کی ترسیل کو بہتر بنانے اور مینجمنٹ کو بھی بہتر کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ماہ رمضان میں فیسکو صارفین کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ،سرگودھا میں بننے والی نئی ورکشاپ سے کئی کئی گھنٹوں کا سفر طے کر کے جلے ہوئے ٹرانسفرمروں کو فیصل آباد لے جانا اور مرمت کروانا اور پھر واپس لانے میں کافی وقت لگتا تھا لیکن اب سرگودھا ورکشاپ کی بدولت کالا باغ،چشمہ ،میانوالی، بھکر ،سرگودھا ،خوشاب اور بھلوال کے جلے ہوئے ٹرانسفارمر اب سرگودھا میں ہی مرمت کئے جائیں گے،جس سے کئی ہزار روپے کی بچت کے ساتھ ساتھ وقت بھی کم لگے گا،سرگودھا میں بننے والی نئی ورکشاپ ایک روز میں چار جلے ہوئے ٹرانسفارمروں کو مرمت کر کے قابل استعمال بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو فیسکو شیخ عامل صدیقی نے کہا کہ میں نے اس ورکشاپ کی بنیاد رکھی تھی اور الحمداللہ آج یہ ورکشاپ 2کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے مکمل ہو چکی ہے کم وقت میں جلے ہوئے ٹرانسفارمر مرمت ہو جائیں گے،جس سے واپڈا کے افسران ملازمین سمیت فیسکو صارفین کو بھی مشکلات سے چھٹکارا مل جائے گا،فیسکو کی جانب سے ورکشاپ کیلئے تمام آلات کے ساتھ ساتھ کام کرنے والے عملے کو بھی تعینات کر دیا ۔