گندم خریداری مہم میں چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا ،فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ

جمعرات 19 اپریل 2018 14:22

فیصل آباد۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اگلے ہفتے شروع ہونے والی گندم کی خریداری مہم کی خود براہ راست نگرانی کریں گے جبکہ اس ضمن میں پنجاب کابینہ کے وزراء، مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلی افسران کو بھی ڈیوٹیز سونپ دی گئی ہیں اور واضح کیا گیا ہے کہ گندم کی رواں خریداری مہم میں چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا ، بیوپاریوں اور مڈل مین کی سختی سے حوصلہ شکنی ہو گی اور کسی کاشتکار کی حق تلفی نہیں ہونے د ی جائے گی ۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت صوبہ کے کسانوں سے 40 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے لئے 130ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جبکہ پہلے 10 دنوں میں 50 فیصد باردانہ گندم کے کاشتکاروں میں تقسیم کر دیا جائے گا جس سے خریداری کا عزم بالکل واضح ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گندم کی خریداری پالیسی سے آگاہ کرنے کیلئے فیلڈ میں جا کر کاشتکاروں سے براہ راست میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوںنے کہا کہ گندم کی خریداری پالیسی کاشتکاروں کی مشاورت اور تجاویز سے تیار کی گئی ہے تاکہ یہ تمام عمل مزید آسان اور باسہولت ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہو گی کہ مہم کے دوران عام مارکیٹ میں بھی گندم کی قیمت مستحکم رہے تاکہ کاشتکاروں ہر ممکن حد تک فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار کسی من گھڑت افواہ پر کان نہ دھریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ڈی سی گندم کی خریداری کا انچارج ہو گا جبکہ کسان تنظیموں پر مشتمل نگران کمیٹیز بھی فعال رہیں گی ۔ انہوںنے بتایا کہ سنٹرز پر آنے والے کسانوں کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بھی تیار کیا جائے گا جبکہ کاشتکاروں کی کسی قسم کی شکایت کا موقع پر ہی ازالہ کرنے کے لئے سنٹرز کمیٹیز متحرک ہونگی اور تمام بینرز پر ٹال فری نمبر کے علاوہ منسٹر فوڈ ‘ سیکرٹری فوڈ اور ڈائریکٹر فوڈ کے نمبرز بھی درج ہونگے جن پر رابطہ کیا جا سکے گا ۔