سلیکشن کمیٹی نے مجھے ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرکے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا،

ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنا قدرتی کھیل پیش کروں گا،انگلینڈ ٹیم کی بولنگ دیکھ کر خود کو ایڈجسٹ کروں گا ، فخر زمان

جمعرات 19 اپریل 2018 14:38

لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دوران اس خواب کی تعبیر مل رہی ہے،کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنا قدرتی کھیل پیش کروں ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سلیکشن کمیٹی نے انہیں ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرکے جو اعتماد کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں فخر زمان نے کہاکہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کا تجربہ رکھتے ہیں لیکن انہیں یقین ہے کہ ٹیسٹ میں بھی بیٹنگ کرتے وقت کسی قسم کی دشواری نہیں ہوگی،میں ڈومیسٹک میں چار روزہ میچز کھیل چکا ہوں اسلئے ٹیسٹ میچز میں کھیلنا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

فخر زمان نے کہاکہ ٹیم کی مینجمنٹ جو پلان دے گی اس کے مطابق کھیلوں گا ،میں اوپننگ کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈر میں بھی بیٹنگ کرسکتا ہوں، اس لئے اگر مینجمنٹ جس نمبر پر بھی بیٹنگ کیلئے بھیجے گی مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ،ڈومیسٹک کرکٹ میں مڈل آرڈر پر بیٹنگ کا تجربہ ہے ،کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنا قدرتی کھیل پیش کروں ،انگلینڈ کی کنڈیشنز سے آگاہ ہوں اور مخالف ٹیم کی بولنگ دیکھ کر اپنے آپ کو ایڈجسٹ کروں گا جبکہ انگلش بولرز کی ویڈیوز دیکھ کر اپنی حکمت عملی بنارہا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میکلم اور اور عاقب جاوید سے پی ایس ایل کے دوران بہت سیکھا ہے ،لیگ کرکٹ کے مقابلے میں اپنے ملک کیلئے کھیلنا میری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ ٹیم دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی،سیریز کے لئے قذافی سٹیڈیم میں بھرپور تیاری کررہے ہیں ۔