وفاق المدارس العربیہ کے تحت 14 اپریل 2018ء سے شروع ہونے والے امتحانات اختتام پذیر

ملک بھر میں رواں سال 3 لاکھ 75 ہزار سے زائد طلباء و طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا

جمعرات 19 اپریل 2018 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) وفاق المدارس العربیہ کے تحت 14 اپریل 2018ء سے شروع ہونے والے امتحانات اختتام پذیر ہو گئے ،ْملک بھر میں رواں سال 3 لاکھ 75 ہزار سے زائد طلباء و طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا۔ وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل قاری محمد حنیف جالندھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں تین لاکھ 75 ہزار طلباء و طالبات کے لئے 1808 امتحانی مراکز قائم کئے گئے اور امتحانی عمل کی نگرانی کے لئے 13 ہزار اساتذہ کے فرائض سرانجام دیئے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس العربیہ کے ساتھ ملک بھر کے 20 ہزار مدارس رجسٹرڈ ہیں جن میں 23 لاکھ سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ طلباء و طالبات کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ ہر سال ان مدارس سے 73 ہزار سے زائد بچے قرآن پاک حفظ کرتے ہیں۔ رواں سال 23 ہزار طلباء تعلیم مکمل کر کے عالم بن گئے ہیں جن میں 10 ہزار لڑکیاں بھی شامل ہیں۔

وفاق المدارس سے وابستہ مدارس میں یکساں نصاب تعلیم رائج ہے جن میں ریاضی، کمپیوٹر سمیت دینی و دنیاوی تعلیم دی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ملک میں دور حاضر میں دی جانے والی عصری تعلیمی نصاب کو بھی یکساں بنا کر تعلیم کے شعبہ میں پائے جانے والے تضادات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاق المدارس کو باقاعدہ بورڈ کا درجہ دیا جائے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وفاق المدارس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت سے کوئی مدد لئے بغیر بچوں کو دینی و دنیاوی تعلیم دینا وفاق المدارس العربیہ کا ایک اہم کارنامہ ہے۔ حکومت تعلیمی اصلاحات کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ حکومت کی طرف سے مدارس کو فنڈز کی فراہمی بھی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :