اورنج لائن ٹرین منصوبہ قلیل مدت میں مکمل کرنے کے حق میں قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 19 اپریل 2018 16:20

لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبہ قلیل مدت میں مکمل کرنے کے حق میں قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پنجاب حکومت کو میٹر و بس کی طرح اور نج لائن ٹرین جیسا میگا پروجیکٹ قلیل مدت میں مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کرتا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب، ان کی ٹیم اور غیر ملکی کمپنیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جہنوںنے 24گھنٹے مسلسل کام کرکے اس ٹاسک کو مکمل کیا ہے، پنجاب حکومت کا منصوبہ خالص عوامی منصوبہ ہے ، اس منصوبے سے روزانہ 2 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہونگے، اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کی بجائے ان کی تعریف کریں، لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اورنج لائن ٹرین کو حکومت کی مدت پوری ہونے سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ یہ عوامی منصوبہ مزید التواء کا شکار نہ ہو سکے، میٹرو بس اور اورنج لائن کی بعد بلیو اور پرپل لائن منصوبوں پر بھی جلد از جلد کام شروع کیا جائے کیونکہ لاہور شہر کی آبادی اور ٹریفک روز بروز بڑھ رہی ہے لہذا یہاں ٹریفک کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے مزید لائنز بنائی جائیں۔