وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا دورہ آذر بائیجان، دونوں ملکوں کے درمیان قانونی اور عدالتی تعاون کی وسعت کیلئے یادداشت پر دستخط کیے

ہفتہ 12 جولائی 2025 17:09

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا دورہ آذر بائیجان، دونوں ملکوں کے ..
باکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)پاکستان اور آذربائیجان نے قانونی اور عدالتی شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے لیے یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔وزارت قانون و انصاف سے ہفتے کو جاری اعلامیے کے مطابق وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے آذربائیجان کے شہر باکو کا دورہ کیا جس کا مقصد قانونی اور عدالتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

اس دورے کا اہم ترین مقصد وزارت قانون و انصاف پاکستان اور آذربائیجان کی وزارت انصاف کے درمیان تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط تھا،دونوں ممالک کے درمیان قانونی تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک قائم کیا گیا ہے۔سینیٹراعظم نذیر تارڑ نے اپنے دورے کے دوران آذربائیجان کی سینئر قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی ملاقاتوں کے آ غاز میں آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوف سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے میں قانونی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

بعد ازاں اعظم نذیر تارڑ نے اپنے آزری ہم منصب فرید احمدوف کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی جس میں قانونی جدید کاری، ادارہ جاتی تبادلوں اور قانون کی حکمرانی جیسے شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ آف آذربائیجان کے چیئرمین انعام کریموف سے بھی ملاقات کی اور عدالتی اصلاحات، عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور تنازعات کے حل کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔

دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس یادداشت میں تعاون کیجن اہم شعبوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے ان میں قانونی اور عدالتی تعاون، تنازعات کے حل کے متبادل طریقہ کار کو فروغ دینا، قانونی خدمات کی ڈیجیٹل تبدیلی، علم اور مہارت کا تبادلہ شامل ہے۔ پاکستان اور آذربائیجان نے مضبوط ادارہ جاتی روابط استوار کرنے اور انصاف کے شعبے میں اصلاحات کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔