محمد اسلم بودلہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات،نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ کا اجلاس، فلم و کلچر پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی سفارش

جمعرات 19 اپریل 2018 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات،نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ نے شفارش کی ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے اعلان کر دہ پہلی فلم و کلچر پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، کمیٹی نے پیمرا کوڈ آف کنڈیکٹ میں عدلیہ اور فوج کے ساتھ پارلیمنٹرین کو بھی شامل کرنے کے لئے ترمیم لانے پر اتفاق کیا، کمیٹی نے پی این سی اے میں قیمیتی پینٹگز چوری ہونے کے معاملے پر تحقیقات میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین کمیٹی محمد اسلم بودلہ کی زیر صدارت پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا ۔اجلاس کے آغاز پر پیر محمد اسلم بودلہ کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں طے پانے والے نکات کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں طے پانے والی سفارشات پر عمل درآمد سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس میں پی این سی اے سے پینٹنگز چوری ہونے کے معاملے پر بحث کی گئی ۔ڈی جی پی این سی اے جمال شاہ نے کمیٹی کو بتایا کہ پینٹنگز کی چوری کی تحقیقات کرنے کی ذمہ داری مجھ پر ڈالتے ہیں تو معاملے کی تحقیقات کے لیے تیار ہوں۔ممبر کمیٹی عارفہ خالد نے کہا کہ پینٹنگز چوری ہونے کے معاملے پر سست روی کی جا رہی ہے،میرے سوالوں کے تسلی بخش جوابات نہیں دیے گئے اورپینٹنگز چوری ہونے کے معاملے کی رپورٹ بھی شیئر نہیں کی گئی جس پر ڈی جی پی این سی اے نے کہا کہ پی این سی اے سے پینٹنگز چوری کا معاملہ میرا عہدہ سنبھالنے سے پہلے کا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات و نشریات سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ پارلیمنٹ سے کسی چیز کو چھپا نہیں سکتے،3 دن کے اندر معاملے کی رپورٹ پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ممبر کمیٹی پروین مسعود نے کہا کہ بہت سارے لوگ دنیا سے جا چکے ہیں باقی لوگوں کے جانے کا انتظار نہ کیا جائے۔ایف آئی اے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ دو ہفتوں کا وقت دیا جائے، روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کریں گے۔اجلاس میں پی ٹی وی ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملے پر غورکیا گیا ۔سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ ملازمین کی پنشن کے واجبات کی ادائیگی کے لئے سمری وزیراعظم کو بھجوائی ہوئی ہے۔