سینیٹری ورکرز میں اضافہ،پرانی کچرا کنڈیوں کی باؤنڈری وال کی تعمیراورکور کرنے کی ہدایت

ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا چیئرمین بلدیہ شرقی اور یوسیز چیئرمین کے ہمراہ ضلع شرقی کا تفصیلی دورہ

جمعرات 19 اپریل 2018 17:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) منیجنگ ڈائریکٹرسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ،طحہٰ احمد فاروقی نے سینیٹری ورکرز میں اضافہ،پرانی کچرا کنڈیوں کی باؤنڈری وال کی تعمیراورکچرا کنڈیوں کو کور کرنے کے علاوہ فرنٹ اینڈ کلیکشن کنٹریکٹر (چائنیز) کو ڈسٹ بن میں اضافہ اور گھر گھر سے کچرا اٹھانے کاعمل یقینی بنانے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دی انہوں نے ضلع شرقی کے تفصیلی دورے کے دوران ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو اسی صورت میں ریلف فراہم کیا جا سکتا ہے جب گھروں سے کچرا جمع کرنے کاعمل یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور، یوسیز چیئرمین و کونسلرز، سیکریٹری بورڈ نادرخان، فرنٹ اینڈ کلیکشن کنٹریکٹر(چائنیز)، ڈپٹی ڈائریکٹر فرنٹ اینڈ کلیکشن غلام عباس منگریوو دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

تفصلات کے مطابق انہوں نے گیلانی ریلوے، پرانی سبزی منڈی، علامہ شبیر احمدعثمانی روڈ، گلستان جوہر، میٹروول تھرڈ اسکیم 33, و دیگر علاقوں کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔

جبکہ انہوں نے گیلانی ریلوے ٹریک کی صفائی کے لئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، پاکستان ریلوے کے ساتھ مکمل تعاون کرکے صفائی یقینی بنائے گی اس کے بعد پاکستان ریلوے مستقل بنیاد پر صفائی قائم رکھنے کے انتظامات کرے۔ اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پاکستان ریلوے کو خط لکھ کر مطلع کریں۔ دریں اثناء انہوں نے علامہ شبیر احمد عثمانی روڈ نزد ڈسکو بیکری اور ایروکلب کی کچرا کنڈی کومکمل ختم کرنے اور یوسیز سے گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے گلشن اقبال بلاک 7 نزد ٹائم اسکوائر میں نئی تعمیر کی گئی کچرا کنڈی کا بھی معائنہ کیا۔ جبکہ دورے کے دوران جگہ جگہ ڈیبریز کی صفائی کی ہدایت کی۔ اس موقع پر چیئرمین بلدیہ شرقی معید انورو یوسیز چیئرمین و کونسلرز نے صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لئے ہر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔