بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں سینیگالی وفد کے تین روزہ مطالعاتی دورہ کے اختتامی سیشن کا انعقاد

جمعرات 19 اپریل 2018 18:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں جمعرات کو سینیگالی وفد کے تین روزہ مطالعاتی دورہ کے اختتامی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن اور سیکرٹری عمر حمید خان نے اختتامی سیشن کی میزبانی کی۔ 14رکنی سینیگالی وفد کی قیادت ڈائریکٹر نیشنل کیش ٹرانسفر پروگرام سینیگال گنینگو پاپے ملک نے کی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نادیہ ایڈجاراتوو دیاکو، سیکرٹری مشیر دیالو عبدالله جبریل اور سینیگال میں مقیم عالمی بینک کے دیگر سوشل پروٹیکشن ماہرین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سینیگالی وفد نے تین روزہ مطالعاتی دورے کے دوران اپنے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے بی آئی ایس پی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

بی آئی ایس پی گریجویشن ماڈل، بائیومیٹرک تصدیق کے نظام، آئی ٹی اپلیکیشنز اور ڈیٹابیس مینجمنٹ سسٹم کوسراہتے ہوئے انہوں نے اس مطالعاتی دورے کو قابل قدر تجربہ قرار دیا۔

مزید برآں، سینیگالی وفد نے اس دورے کے دوران بی آئی ایس پی ٹیم کی جانب سے بہترین مہمان نوازی اور کھانے کا شکریہ ادا کیا۔ ماروی میمن نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے سینیگال کے وزیر کو دعوت دی۔ مزید برآں انہوں نے جدید NSER 3.0 ماڈل کا دستاویز بھی وفد کے ساتھ شیئر کیا تاکہ وہ اس ماڈل کی اہم خصوصیات کو اپنا سکیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کو آئی ٹی پر مبنی اپلیکیشنز شیئر کرنے کے حوالے سے بھی دلچسپی ظاہر کی۔

سیکرٹری بی آئی ایس پی نے سینیگال میں دیگر پروگراموں کے ساتھ Strategic alignment of Senegalese Protection Model کے طریقہ کار کی تعریف کی۔ مزیدبرآں انہوں نے اس ماڈل کو برقرار رکھنے کیلئے دونوں ممالک میںغیر فعال نجی شعبے کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہا ر کیا۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی نے اس مطالعاتی دورے کو دونوںممالک کیلئے جوائنٹ لرننگ پروسیس قرار دیا۔ انہوں نے مستقبل میں معلومات کے تبادلے کے عمل کو جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔