حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 400سے زائد فوڈ آئوٹ لیٹس کو انتباہی نوٹسز جاری , 12 سربمہر

جمعرات 19 اپریل 2018 18:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 400سے زائد فوڈ آئوٹ لیٹس کو انتباہی نوٹسز جاری کرتے ہوئے 12فوڈ آئوٹ لیٹس کو سربمہر کر دیا ۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی فوڈ برانچ نے گذشتہ تین ماہ کے دوران ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 462فوڈ آئوٹ لیٹس کو انتباہی نوٹسز جاری کیے جبکہ ناقص صفائی پر 12ریسٹورنٹس ،بیکریوں کے کچن ،ہوٹل اور دیگر فاسٹ فوڈ پوائنٹس کو سربمہر کیا گیا ۔

ترجمان راولپنڈی کینٹ قیصر محمود نے اے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ کینٹ بورڈ کے فوڈ دیپارٹمنٹ نے اس عرصہ میں مجموعی طور پر مختلف علاقوں سے 990 فوڈ سیمپلز اکٹھے کیے اور ان کے معیار کی جانچ پڑتال کے لیے انہیں لیبارٹری بھجوایا گیا جبکہ ناقص صفائی پر 8,43,600 روپے جرمانہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ غیر معیاری ناقص کھانے پینے کی اشیاء کے مقدمات جرمانے کے لیے کینٹ مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوائے گئے ۔

انہوں نے بتایاکہ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایات پر ناقص اور غیر معیاری اشیائے خور و نوش کی روک تھام کے لیے فوٓڈ انسپکٹرز نے صدر ،پشاور روڈ ،قاسم مارکیٹ ،چوہڑ ،الہ آباد ،مصریال ،ٹنچ بھاٹہ ،پیپلز کالونی ،چونگی نمبر 22،بکرا منڈی سمیت دیگر علاقوں کی مارکیٹوں پر اچانک چھاپے مار کر صفائی کی صورتحال اور شیائے خور و نوش کے معیار کی جانچ پڑتال کی ۔قیصر محمود نے کہاکہ اشیائے خور ونوش کے معیار کے جانچ پڑتال کے لیے چھاپوں کو سلسلہ جاری رکھا جائے گا جبکہ فوڈ انسپکٹرز کو ہوٹلوں ،بیکریوں اور فوڈ آئوٹ لیٹس کے عملے کے طبی صحت کی جانچ پڑتال کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :