جامعہ اسلامیہ ملک میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں نمایاں مقام کی حامل ہے،پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق

جمعرات 19 اپریل 2018 20:14

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ ملک میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں نمایاں مقام کی حامل ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں یونیورسٹی کے تدریسی و تحقیقی معیار میں غیر معمولی بہتری ، انتظامی اور مالیاتی اصلاحات ، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور فیکلٹی وطلبہ وطالبات کی پیشہ ورانہ تربیت کے نتیجے میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پاکستان کی اہم ترین جامعات میں گنی جاتی ہے ۔

وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تربیتی ورکشاپ برائے لائبریرین کے افتتاحی سیشن میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ اس دو روزہ ورکشاپ میں 22 جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اِداروں کی لائبریریوں سے وابستہ 60سے زائد مندوبین شریک ہیں ۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انتہائی اہم نوعیت کی کانفرنسز ، سیمینارز اور ورکشاپس کے لیے جامعہ اسلامیہ کا انتخاب اس تعلیمی اِدارے کی اہمیت اور نمایاں حیثیت کی واضح علامت ہے۔

انہوں نے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں گزشتہ تین برسوں میں افرادی قوت کی پیشہ ورانہ تربیت کو فوقیت دی گئی اور پہلی بار یونیورسٹی میں ٹریننگ کے کلچر کو فروغ حاصل ہواجس کے نتیجے میں مختلف حکومتی اِداروں کے تعاون سے 38تربیتی ورکشاپس منعقد کی گئیں جن سے 310اساتذہ اور ملازمین مستفید ہوئے۔

وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ لائبریریاں تعلیمی ، معاشی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور دورِ حاضر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت الیکٹرانک لائبریری کی افادیت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مختلف تعلیمی اِداروں سے آئے ہوئے لائبریرین اپنی لائبریریوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی اور لائحہ عمل وضع کریں گے ۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز وائس چانسلر محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان نے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جنوبی پنجاب کی جامعات کے اساتذہ اور افسران کی تربیت کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی کورسز کے انعقا د کو سراہا اور اسے مقامی جامعات کی ترقی اور افراد ی قوت کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے سرسبز وشاداب کیمپسز اور اعلیٰ تعلیمی نظم وضبط کو سراہا ۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے محمد آصف منیر نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین کے ویژن کے مطابق صوبے بھر کی جامعات کے لائبریرین کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے او رلائبریریوں کو خود کار نظام کے تحت چلانے کے لیے تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی تعاون پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا شکریہ ادا کیا۔ ورکشاپ کی فوکل پرسن اور شعبہ لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنسز کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے ورکشاپ کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس دو روزہ تربیتی پروگرام کے انعقاد سے لائبریریوں سے منسلک پروفیشنلز کو جدید رحجانات سے آگاہی اور اُن کے عملی اطلاق کا موقع ملے گا