سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنہ میںہفتہ کو اسپورٹس کمپلیکس کی حدود میں واقع تمام تجاوزات ختم کرنے کے لئے آپریشن شروع کردیا جائے گا،وسیم اختر

جمعرات 19 اپریل 2018 21:18

سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنہ میںہفتہ کو اسپورٹس کمپلیکس کی حدود میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کے لئے ہفتے کے روز سے اسپورٹس کمپلیکس کی حدود میں واقع تمام تجاوزات اور غیرمتعلقہ سرگرمیوں کی سہولیات ختم کرنے کے لئے آپریشن شروع کردیا جائے گا، آئندہ اسپورٹس کمپلیکس کو صرف اور صرف کھیلوں کے مقابلوں اور کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں کے لئے ہی استعمال کیا جاسکے گا، موسم گرما کی تعطیلات کے دوران اسپورٹس کمپلیکس میں سمر کیمپس منعقد کریں گے تاکہ بچوں اور نوجوانوں کو صحتمند تفریح کے مواقع مہیا کئے جاسکیں، چائنا گرائونڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ پر پیٹرول پمپس کی لیز کے معاملے کا ہر پہلو سے جائزہ لیں گے، ممبران کے علاوہ کسی دیگر شخص کو کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے سوئمنگ پول کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی سہ پہر کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مشیر قانون عذرا مقیم، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ٹو میئر ایس ایم شکیب، سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈکلچر سیف عباس، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی ، ڈائریکٹر اسپورٹس آفتاب لیاقت، اور دیگر افسران نے شرکت کی، میئر کراچی وسیم اختر نے قبل ازیں سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور سوئمنگ پول ، چائنا گرائونڈ اور پارک کا دورہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں، بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے ہدایت دی کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس سے متصل زمین پر قائم دونوں پیٹرول پمپس کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ ان کی لیز کس نے اور کس طرح جاری کیں، انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس کی حدود میں ہر قسم کی غیر متعلقہ سرگرمیوں کے خاتمے کے لئے کھیلوں کی سہولیات کے علاوہ دیگر تمام تعمیرات شادی لان، دفاتر ، ریستوران وغیرہ بلا تفریق منہدم کردیئے جائیںاور اسپورٹس کمپلیکس میں زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ ممبران کے علاوہ کوئی بھی شخص کے ایم سی سوئمنگ پول میں داخل نہیں ہونا چاہئے اگر آئندہ ایسی شکایت ملی تو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس جس مقصد کے تحت قائم کیا گیا تھا اسی مقصد کے لئے اس کا استعمال ہوناچاہئے ، اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے احکامات کا احترام کرتے ہیں اور ان پر من وعن عملدرآمد کے لئے افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کی دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی بھی اہمیت کی حامل ہے لہٰذا اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شہر میں کسی بھی جگہ تجاوزات برداشت نہیں کی جاسکتیں، خاص طور پر کھیلوں کے مراکز اور اسپورٹس سہولیات پر ایسی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، انہوں نے افسران نے کہا کہ دی جانے والی ہدایات پر مکمل اور بروقت عملدرآمد ہوناچاہئے ، اس معاملے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ ہمارا مقصد شہر اور شہریوں کے وسیع تر مفاد میں کام کرنا ہے اور بطور عوامی نمائندے یہ فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔