جمعیت اہلحدیث سندھ میں الیکشن میں تمام حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، مولانامحمدیوسف سلفی

حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ ایک فیشن بن چکا ہے، چیف آرگنائزرجمعیت اہلحدیث سندھ

جمعرات 19 اپریل 2018 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) جمعیت اہلحدیث پاکستان سندھ کے چیف آرگنائزر مولانا محمدیوسف سلفی نے مرکز اہلحدیث میں مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت اہلحدیث سندھ میں الیکشن میں تمام حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ ایک فیشن بن چکا ہے حقیقت یہ ہے کہ عوام الناس زندگی کی بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہیں ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کے مسائل خالصتاً انسانی ہمدردی کے تحت حل کئے جائیں اور عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لئے ہنگامی و ٹھوس اقدامات کئے جائیں جس کے لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بلا تفریق عوام کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم دستورِ پاکستان کی روشنی میں ملک میں نفاذ ِ اسلام کے لئے الیکشن میں ہم خیال مذہبی و سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے تمام حلقوں کی سطح پر اتحاد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آزمائے ہوئے تمام ازم ناکام ہو چکے ہیں اوراب وقت آگیا ہے کہ ملک میں شریعت محمدی کو نافذکیا جائے کیونکہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نفاذ شریعت محمدی میں مضمر ہے ۔ مرکزی رہنما مولانا اختر محمدی نے کہا کہ اہلحدیث کسی سیاسی جماعت یا اتحاد کی بھیڑ بکری نہیں ہم اپنے حقوق کے لئے عوام اہلحدیث کو جمعیت اہلحدیث کے پلیٹ فارم پر متحد و منظم کر کے ملک میں نفاذ ِ اسلام کی تحریک چلائیں گے کیونکہ پاکستان کا قیام اسلام کے نام پر قر آن و حدیث کے نظام کے لئے ہوا ہے نہ کہ سیکولر نظریات کی فروغ کے لئے ۔

اجلاس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور امیدواروں سے نفاذ ِ اسلام کے یک نکاتی ایجنڈے پر اتحاد کے لئے ارشد محمدی ، حنیف سلفی، عبد اللہ سلفی پرمشتمل ایک رابطہ کمیٹی قائم کی گئی۔ اجلاس سے مولانا بلال احمد سلفی، مولانا معاویہ سلیم، وسیم الرحمن، زاہد سلفی، حافظ ابو بکر محمدی، مدثر سلفی و دیگر علمائے اکرام نے بھی خطاب کیا ۔