سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق کا یونین کونسل نمبر 108 لاہور میں ترقیاتی سکیموں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 11 جولائی 2025 22:38

سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق کا  یونین کونسل نمبر 108  لاہور میں  ترقیاتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ،مسلم لیگ ن خالی نعروں پر نہیں، کام پر یقین رکھتی ہے ، محمد نواز شریف کے دور حکومت میں ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ، مسلم لیگ ن کا اقتدار میں آنا پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں یونین کونسل نمبر 108 میں متعدد ترقیاتی سکیموں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) ایک عوامی جماعت اور اسے عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے،ماضی کی حکومتوں میں پاکستان کئی قسم کے بحرانوں کا شکار رہا لیکن2017 میں محمد نواز شریف نے ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں بدل دیا ،ملکی معیشت میں استحکام آ یا ،بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ،بیروزگاری میں کمی اور مہنگائی کا گراف نیچے لا یاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وزیر اعلی مریم نواز بھی پنجاب کے عوام کی خدمت کیلئے دن رات محنت کر رہی ہیں، حلقہ یوسی 108 میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے لئے وزیر اعلی مریم نواز نے کروڑوں کے فنڈز رکھے ہیں جن سے یوسی 108 کے چار دیہاتوں کرول ویلج ،جنجوعہ، ہردو جبو اور سگیاں میں مجموعی طور پر 60 کڑور روپے کی لاگت سے سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر ہوگی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ ن خالی نعروں پر نہیں، عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،مسلم لیگ ن کی جب بھی حکومت آئی ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے ، آج جو بھی مسائل پاکستان کی عوام کو درپیش ہیں، وہ ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرول گھاٹی سے کرول گائوں کی سڑک 30 کروڑ روپے کی لاگت سے مرکزی سڑک بنائی جا رہی ہے جبکہ14 کلومیٹر کی سڑک پر 30 کروڑ روپے خرچے کئے جا رہے ہیں،یونین کونسل میں 86 گلیوںاور نالیوں کی تعمیر کی جائے گی، حلقے میں کوئی گلی ٹوٹی نہیں رہ جائے گی، علاقہ بھر میں شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جا ئے گا ۔

سپیکر نے کہا کہ حلقہ کے عوام کو درپیش مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے ، صحت کی سہولیات اور تعلیم کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے یونین کونسل میں منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا ، علاقے کے بنیادی صحت مرکز کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، حلقے میں اتنے ترقیاتی کاموں کا جال بچھائے جائے گا کہ جس کی مثال ماضی کی کسی حکومت میں نہ ملتی ہو گی ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی وزیر اعلی مریم نواز کا ویژن ہے ،چیف منسٹر نے بلا امتیاز صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر رکھا ہے ،چاہے وہ اپوزیشن کا حلقہ ہو یا حکومتی نمائندے کا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی صوبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، پنجاب میںان کی ایک سالہ کارکردگی ماضی کی حکومت کی چار سالہ کار کردگی سے بہتر ہے ۔