ترک صدر کا ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان

نیشنل مومنٹ پارٹی کے سربراہ سے ملاقات میں رواں برس 24 جون کو ملک میں انتخابات کرانے پر اتفاق ہوا ہے، ترک صدر

جمعرات 19 اپریل 2018 22:16

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملک میں قبل از وقت صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر نے نیشنل مومنٹ پارٹی کے سربراہ دولت باہچیلی سے ملاقات کے بعد صدارتی محل سے اپنے خطاب میں مقررہ وقت سے ڈیڑھ برس قبل ہی ملک میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔

رجب طیب اردوان نے اپنے اعلان میں کہا کہ نیشنل مومنٹ پارٹی کے سربراہ سے ملاقات میں رواں برس 24 جون کو ملک میں انتخابات کرانے پر اتفاق ہوا ہے، جو جو 3 نومبر 2019 کو ہونا تھے۔ترکی کی نیشنل مومنٹ پارٹی کے سربراہ باہچیلی نے گزشتہ روز حکومت کو انتخابات کے لیے نومبر 2019 تک انتظار نہ کرنے کا مشورہ دے کر ملکی سیاسی مبصرین کو حیران کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

باہچیلی نے نیشنل مومنٹ پارٹی کے اراکین اسمبلی کو بتایا کہ ملک میں انتخابات 26 اگست 2018 کو ہوں گے۔لیکن طیب اردوان نے باہچیلی سے آدھے گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات کے بعد اٴْن کی اعلان کردہ تاریخ سے بھی جلدی ملک میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔دولت باہچیلی کو 1997 سے ترکی کی سیاست میں کنگ میکر کی حیثیت حاصل ہے اور ترکی کی جدید تاریخ میں انہوں نے کئی مواقع پر اہم کردار بھی ادا کیا ہے۔نیشنل مومنٹ پارٹی کی بدولت ہی 2002 میں طیب اردوان کی ڈویلمپنٹ اینڈ جسٹس پارٹی حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی تھی اور اس کے بعد سے ابھی تک حکومت میں ہے۔