فیض آباد میں قائم غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف ’’گرینڈ آپریشن‘‘ کا آغاز

جمعرات 19 اپریل 2018 23:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی ای) نے ضلعی انتظامیہ، رینجرز اور پولیس کی مدد سے فیض آباد میں قائم غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف ’’گرینڈ آپریشن‘‘ کا آغاز کر دیا، پہلے روز گرین بیلٹ پر قائم مری ہلز ٹریولز کو مسمار جبکہ شجاع ٹریولز اور اسلام آباد ٹریولز کو سیل کرکے 6 ٹرک سامان ضبط کر لیا، اس دوران قبضہ مافیا سے سرکاری زمین واگزار کرا کر سی ڈی اے کے شعبہ انوائرمنٹ کے سپرد کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی ای) نے فیض آباد میں سرکاری اراضی پرقبضہ کرکے قائم کئے گئے غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن کے پہلے روز شعبہ انفورسمنٹ کی نگرانی میں شعبہ انوائرمنٹ، اور ڈی ایم سمیت سی ڈی اے کے متعلقہ شعبہ جات کے نمائندے موجود رہے جبکہ آپریشن کی قیادت مجسٹریٹ طارق جاوید نے کی۔

اس موقع پر پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری موقع پر موجود رہی تاکہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کوکنٹرول کیا جا سکے۔ آپریشن کے دوران فیض آبا د میں گرین بیلٹ پر قائم ایک غیر قانونی بس اڈے (مری ہلز ٹریولز) کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا تاہم اڈے کو مسمار کرنے کے بعد شعبہ انوائرمنٹ نے سرکاری اراضی کا قبضہ حاصل کرکے اراضی پر مٹی ڈال کر اسے ہموار کر دیا، یہاں سے شعبہ انفورسمنٹ نے ایک ٹرک سامان بھی ضبط کر لیا۔

دوسری جانب شجاع ٹریولز اور اسلام آباد ٹریولز کو بھی سیل کرکے 5 ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ علاقہ میں سی ڈی اے کے چند افسران کی مبینہ ملی بھگت سے گزشتہ کئی سالوں سے قبضہ مافیا نے انتہائی قیمتی سینکڑوں کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے ٹرانسپورٹ اڈے بنا رکھے تھے اور ہائی کورٹ نے ان ٹرانسپورٹ اڈوں کو مسمار کرنے کی ہدایت کی تھی۔ واضح رہے کہ ماضی قریب میں سی ڈی اے انتظامیہ متعدد بار ان غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف ’’برائے نام‘‘ آپریشن کر چکی ہے تاہم مذکورہ آپریشن ضلعی انتظامہ، رینجرز اور پولیس کی نگرانی میں کرایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :