جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان ،ڈاکٹر بلقیس گل اور غیر ملکی سائنسدانوں کا انتہائی مختصر وقت میں پاکستان نیوی کی جانب سے فیلڈ ٹرپ کو یقینی بنانے پر اظہار تشکر

جمعرات 19 اپریل 2018 23:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) کانفرنس کے تیسرے روز انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن جامعہ کراچی نے پاکستان نیوی کے تعاون سے کراچی کے ساحل پر مینگروو ایکوسسٹم کے فیلڈ ٹرپ کا اہتمام کیا جس میں تمام بین الاقوامی اور قومی سائنسدان بشمول وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان ،یونیسکوتھائی لینڈ کے مشیرسائنس ڈاکٹر بینوبوئر ،جرمنی کے معروف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ہان ڈبلیو کوئرواورپروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل شریک تھیں۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے ساحلی جنگلات اور مینگروو ایکو سسٹم کا تفصیلی سروے کرتے ہوئے اہم معلومات جمع کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر بینوبوئر ،ڈاکٹر بلقیس گل اور دیگر سائنسدانوں نے تیرتے ساحلی جنگلات کی فزیبلیٹی پر تفصیلی غوروخوض کیا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی اور قومی ماہرین نے مینگروو ایکوسسٹم کو ماحول اور ساحلی پٹی کے لئے انتہائی اہم قرار دیا۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان ،ڈاکٹر بلقیس گل اور غیر ملکی سائنسدانوں نے انتہائی مختصر وقت میں پاکستان نیوی کی جانب سے فیلڈ ٹرپ کو یقینی بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس فیلڈ ٹرپ کی وجہ سے کانفرنس کے شرکاء کو عملی تجربہ حاصل ہوا جو لائق تحسین ہے۔ پاکستان نیوی ہر سال تقریباً دس لاکھ مینگروو کی پلانٹیشن کرتی ہے جو قابل تقلید ہے۔ ڈاکٹر اجمل خان اور ڈاکٹر بلقیس گل نے پاکستان نیوی کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ مینگروو پر تحقیق کو فروغ دینے کے لئے ان کے ساتھ مشترکہ کاوشوں کے امکانات پر غوروخوض کیا۔